ملکی معیشت بہترہو رہی ہے ‘جن اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگیں گے بینک ہمیں فراہم کریں گے
ایسے معاشی اقدام کئے جو 40 سے 50 سالہ تاریخ میں نہیں ہوئے
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو شبر زیدی نے کہا ہے ہمارے تاجروں سے معاملات طے پا گئے ہیں، ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوا ہے اور اب ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے ، جن اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگیں گے بینک ہمیں فراہم کریں گے ،اسمگلنگ کی وجہ سے معیشت کو بہت نقصان پہنچتا ہے اس لئے اسے روکنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے تاہم اب بھی یہ سلسلہ کہیں نہ کہیں سے جاری ہے۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پڑوسی ممالک کیساتھ سرحد پر سکریننگ کا سسٹم لگا رہے ہیں جو اسمگلنگ کو روکنے میں مددگار ثابت ہو گا،ریونیو کا 5 ہزار 500 کا ہدف اس لئے رکھا گیا تھاکہ بڑا ہدف سامنے ہو گا تو کوشش بھی زیادہ ہو گی، اگر ہدف کم ہوتا تو اس کیلئے یقیناً کوششیں بھی کم ہوتیں۔ہم نے معاشی سطح پر ایسے اقدامات کئے ہیں جو پاکستان کی 40 سے 50 سالہ تاریخ میں نہیں کئے گئے ہونگے۔انہوں نے کہا پاکستان کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے ، سیلز ٹیکس میں شناختی کارڈ کی شرط کو لازم رکھنا چاہتے ہیں اس سے معیشت میں استحکام ہو گا۔

