English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

راولپنڈی ٹیسٹ دوسرا روز بارش کی نذر 18 اوورز کا کھیل ہوسکا

راولپنڈی : سری لنکن بلے باز ڈی سلوا پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی طرف دیکھتے ہوئے

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ 2019 کے سلسلے میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بارش اور خراب روشنی کے باعث صرف 82 منٹ کا کھیل ممکن ہوسکا، جس میں سری لنکن ٹیم دوسرے روز اپنے مجموعی اسکور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رنز کا اضافہ کرسکی جبکہ دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر سری لنکن ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا لیے تھے ۔ جمعرات کو سری لنکن ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی ادھوری اننگز 202 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ڈی سلوا 38 اور نیروشان ڈکولا 11 رنز پر کھیل رہے تھے۔ سری لنکا کا اسکور 216 رنز تک پہنچا تو وکٹ کیپر محمد رضوان نے نسیم شاہ کی گیند پر ڈی سلوا کا کیچ ڈراپ کردیا اس وقت ڈی سلوا کا سکور 48 رنز تھا۔ ڈی سلوا نے 94 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 10 بجکر 22 منٹ پر جب سری لنکا کا اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز پر پہنچا تو بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ میچ کے دوسرے روز اس وقت 7-5 اوورز کا کھیل ہوا تھا اور سری لنکا نے اپنے پہلے روز کے اسکور میں 20 رنز کا اصافہ کیا۔ بارش رکنے کے بعد امپائرز نے دن ڈیڑھ بجے پیچ اور گرائونڈ کا معائنہ کیا اور ایک بج کر 45 منٹ پر کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا۔ بارش کے باعث تین گھنٹے 23 منٹ کھیل روکا رہا۔ پاکستانی ٹیم نے 80.1 اوورز کے بعد نئی گیند لے لی۔ سری لنکن بیٹسمین ڈی سلوا اور نیروشان ڈکولا نے چھٹی وکٹ کی پارٹنر شپ میں 67 رنز بنائے۔ سری لنکا کی چھٹی وکٹ 256 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب وکٹ کیپر نیرو شان ڈاکولا 33 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ دن دو بج کر 32 منٹ پر خراب روشنی کے باعث میچ ایک بار پھر روک دیا گیا اس وقت سری لنکا کا اسکور 86.3 اوورز 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز تھا۔ بعدازاں بارش کے باعث ایک بار پھر گرائونڈ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا۔ اس وقت سری لنکا کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔ ڈی سلوا نے آئوٹ ہوئے بغیر 72 رنز اور دلرواں پریرا نے آئوٹ ہوئے بغیر دو رنز بنائے تھے۔ میچ کے دوسرے روز سری لنکا کے خلاف پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے