English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معاشی طاقتوں کی ہٹ دھرمی، عالمی ماحولیاتی کانفرنس اختلافات کی نذر

القمر

 

میڈرڈ (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی ماحولیات سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس معاشی طاقتوں کی ہٹ دھرمی کا شکار ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق رواں ماہ کی 2تاریخ کو اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں شروع ہونے والی یہ کانفرنس مذاکرات کاروں کے درمیان اختلافات اور تقسیم کے تناظر میں ناکامی کے خطرات سے دوچار ہے۔ جمعہ کی شب مذاکرات کے بعد بھی مختلف ممالک کے درمیان کئی معاملات پر اختلافات بدستور موجود رہے، جب کہ ہفتے کے روز ان میں مزید شدت آگئی۔ اس کانفرنس نے جمعہ کے روز ختم ہونا تھا، تاہم کسی اتفاق رائے تک نہ پہنچ پانے کی وجہ سے یہ کانفرنس ہفتے کو بھی جاری رہی۔ اس کانفرنس کا مقصد پیرس میں 2015ء میں طے پانے والے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے تناظر میں ایک متفقہ لائحہ عمل وضع کرنا ہے۔ عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں امیر اور غریب ممالک کے درمیان اختلافات اور تقسیم واضح ہے، جن میں ماحولیاتی فنڈ اور تعاون کے ضوابط جیسے امور پر اختلاف واضح ہے۔ ماحول دوست تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس میں طے کردہ اہداف کا مسودہ 2015ء میں پیرس ماحولیاتی کانفرنس میں طے کردہ اہداف کو خطرات میں ڈال رہا ہے۔ مذاکرات کاروں کی کوشش ہے کہ یہ کانفرنس ناکام نہ ہو جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک کے درمیان ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے لائحہ عمل پر اختلافات نہایت واضح ہیں اور ایک اہم معاملہ یہ بھی ہے کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سرمایہ کون فراہم کرے گا؟ اس عالمی کانفرنس میں حتمی مسودے پر کئی تیزی سے ترقی کرنے والے اور غریب ممالک کی جانب سے اعتراضات اٹھائے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے