کھجور غذائیت سے مالامال پھل ہے ، پھلوں میں کھجور ممتاز حیثیت رکھتی ہے کیونکہ یہ جسم کے تمام حصوں کے لیے یکساں طور پر مفید ہے۔ ماہرین خوراک کے مطابق اگر آپ روزانہ 3 کھجوریں اپنی خوراک میں شامل کرلیں تو اس کے صحت پر حیرت انگیز اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
کھجور خوراک میں شامل کرنے سے آپ کا نظام ہاضمہ بہترین ہوتا ہے جب کہ کھجور کا روزانہ استعمال آنتوں کے جراثیم کے خلاف بھی مزاحمت پیدا کرتی ہے۔
ایک تحقیق کے مطابق جو لوگ کھجورکا استعمال روزانہ کرتے ہیں ان کی بڑی آنت کی صحت بہتر ہوتی ہے کیونکہ یہ اچھے بیکٹیریا کی افزائش میں اضافہ کرتی ہے جس سے بڑی آنت کے کینسر کے خلیوں کی نشوونما نہیں ہوتی۔

کھجور کے اندر قدرتی شکر، گلوکوز، فرکٹوز، اور سکروز پائے جاتے ہیں جو آپ کو توانائی پہنچانے کا کام کرتے ہیں۔
دوسری جانب کھجور میں دیگر غذائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جس میں فائبر، پوٹاشیم، میگنیشیم، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈینٹ شامل ہیں۔
کھانا اچھی طرح ہضم کرنے اور آنتوں میں اس کی روانی بھی بہتر کرنے کے لیے بھی کھجور کا استعمال انتہائی اہم ہے۔
ایک کپ کھجور میں 12 گرام فائبر پایا جاتا ہے،اگر آپ کے جسم میں فائبر کی درست مقدار جا رہی ہوگی تو اس سے آپ کا نظام ہاضمہ کبھی متاثر نہیں ہوگا۔
کھجور میں وٹامن بی6 وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ دماغی صحت کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے ہے کہ اگر جسم میں وٹامن بی 6 کی مقدار کم ہوجائے گی تو اس کا براہ راست تعلق ڈپریشن سے ہوتا ہے اس لیے روزانہ 3کھجوریں کھانے سے آپ کو فائبر کی وہ مقدار میسر آسکتی ہے جو آپ کی دماغ صحت کو بہتر رکھے گی۔
