کوئٹہ(جسارت نیوز) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لئے وسائل اور مواقع فراہم کئے جائیں، موجودہ حکومت بلوچستان کے کھیل اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر انہیں مواقع فراہم کرے گی موجودہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق مسائل کے حل کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہنہ جھیل میں واقع بلوچستان کی پہلی بین لااقوامی کینوئنگ روئنگ اور سیلنگ مرکز حیات درانی واٹر اسپورٹس اکیڈمی کے دورہ کے موقع پر شرکاء سے خطاب اور گفتگو کے دوران کیا۔ اس موقع پر کشتی رانی اسپورٹس اکیڈمی کے بانی و سربراہ صدارتی ایوارڈ حسن کارکردگی حیات اللہ خان درانی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان میں کینوئنگ کے کھیل کو پاکستان کینو اینڈ کایاک فیڈریشن کی زیر نگرانی ہنہ جھیل میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے پر حیات اللہ درانی اور ان کی ٹیم کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو عوام کے سامنے اجاگر کرنے کے لئے مواقع اور وسائل فراہم کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور ویژن کے تحت صوبے کے کھیل اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع فراہم کررہے ہیں ۔ بلوچستان میںکھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں اورآفیشلز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔انہوں نے بین الاقوامی سطح پر وطن عزیز پاکستان کا نام کینوئنگ کے کھیل میں روشن کرنے اور اس سال اٹلی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی چیمپئن محمد ابوبکر درانی کو اعلیٰ کارکردگی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر حیات اللہ خان درانی نے اکیڈمی کے زیر اہتمام گزشتہ 33 سال کے دوران منعقدہ کینوئنگ روئنگ اور سیلنگ کے ہونے والے قومی اور بین الاقوامی تربیتی کیمپ اور کشتی رانی کے مقابلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اکیڈمی کے زیر اہتمام مختلف پروگراموں کے ذریعے نوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے اور ان میں جذبہ حب الوطنی کو فروغ دے کر صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے یہ فریضہ ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشتی رانی مرکز میں تربیت حاصل کرنے والے اور مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو لاکھوں روپے مالیت کی مہنگی کشتیاں اکیڈمی کی جانب سے مفت فراہم کی جاتی ہیں اس موقع پر بانی اکیڈمی حیات اللہ خان درانی نے مہمان خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کرتے ہوئے مہمان خصوصی شرکاء اور سیکورٹی کے موثر اقدامات کرنے پر ہنہ لیک ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔
