ٹیکس جمع کروانے میں کوئی توسیع نہیں ہوگی ‘ نادہندگان مقررہ تاریخ کی میعاد ختم ہونے سے قبل اپنے بقایاٹیکس کی ادائیگی کردیں
ادائیگی میں ناکامی پر پراپرٹی ٹیکس میں اضافی 10فیصد جرمانہ ہوگا‘ وصولی کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدیں ‘ڈائریکٹر جنرل ایکسائز
کراچی (اسٹاف رپورٹر)محکمہ سندھ ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن و انسدادمنشیات سندھ نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف 31 دسمبر کے بعد کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پراپرٹی ٹیکس نادہند گان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ صوبائی وزیرایکسائز مکیش کمار چاؤلہ کی زیرصدارت ایک اجلاس میں کیا گیا۔سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن وانسداد منشیات عبدالحلیم شیخ ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے والوں کو متوجہ کرنے کے لئے میڈیا کے ذریعے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی گئی ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ 31 دسمبر 2019 تک اپنا بقایا پراپرٹی ٹیکس جمع کروائیں ،ادائیگی میں ناکامی پران کو پراپرٹی ٹیکس میں اضافی 10فیصد جرمانہ ہوگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے اورنادہندگان کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ مقررہ تاریخ کی میعاد ختم ہونے سے قبل اپنے بقایاٹیکس کی ادائیگی کریں تاکہ کسی نا خوشگوارصورتحال سے بچا جاسکے کیونکہ ٹیکس جمع کروانے میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی اور پراپرٹی ٹیکس نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

