کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف عالم دین اور جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ اسلام محض چند عبادات کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل نظام حیات ہے جو زندگی سے لے کر موت تک کے تمام انفرادی و اجتماعی معاملات کے بارے میں رہنمائی اور اصول و ضوابط فراہم کرتا ہے ۔ ہم مسلمان ہیں اور ہمارا دین اسلام ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ ہمارا نظام اسلامی نہیں ہے ، ملک میں انگریزوں کے دور کے قانون کے مطابق فیصلے
کیے جاتے ہیں اور سودی معیشت نافذ ہے جو اللہ اور رسول ؐ سے بغاوت ہے ۔ انسانوں کے بنائے ہوئے نظام کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ، نظام صرف اور صرف قرآن و سنت کا ہی چل سکتا ہے جو آج سے 14سو سال پہلے پیغمبر اسلامؐ نے پیش کیا تھا ۔ اگر آج بھی قرآن و سنت کے نظام کو نافذ کیا جائے تو ملک میں موجود تمام مسائل حل ہو جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ائر پورٹ کے تحت رفاہ ِ عام جیم خانہ گرائونڈ میں 5روزہ محفل فہم القرآن وسنت ؐ کے آخری روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور امیرضلع توفیق الدین صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، سیکرٹری ضلع عمر فاروق ، ناظم علاقہ فرحان خان ، یوسی 13کے چیئر مین آفاق احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔ محفل قرآن و سنت میں مردو خواتین نے بہت بڑی تعداد میں شر کت اور اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس علمی اور روح پُرور محفل کو بھر پور طریقے سے سراہا ۔ مولانا محمد اسماعیل نے مزید کہا کہ دعوت الی الخیر امر بالمعروف و نہی عن المنکر کا کام ہی جماعت اسلامی کی دعوت اور نصب العین ہے ۔ نیکی کاحکم دینے اور برائی کو روکنے کے لیے طاقت اور قوت نافذہ کی ضرورت ہے ۔ اس لیے ضروری ہے ایسی قیادت اور حکمرانوں کا انتخاب کیا جائے جو اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب طے کر لیں کہ ہمیں خود کو بھی اور اپنے اہل و عیال کو بھی دوزخ کی آگ سے بچانا ہے اور اس کے لیے ہم سب نے مل کر تیاری کرنا ہو گی اور قرآن و سنت کی ہدایت کے مطابق اپنی زندگی کو ڈھالنا ہو گا ۔ تب ہی ہماری دنیاوی اور اخروی زندگی بہتر ہو گی ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پروگرام کے منتظمین اور ضلعے کے کارکنان و ذمے داران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے 5 روزہ اس روح پُرور محفل کا انعقاد کیا ، قرآن پاک 23سال کی مدت میں آپ ؐ پر نازل ہوا ، اللہ کے رسول ؐ نے زندگی کے تمام معاملات اورمسائل کا حل قرآن و سنت کے مطابق ہمیں بتایا ہے اور دین اسلام کو مکمل کر دیا ہے، قرآن پاک کو سمجھنے کے لیے اس کے پس منظر اور نبی کریم ؐ کی زندگی اور سیرت کو بھی سمجھنا بہت ضروری ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ بلا شبہ محمد ؐ ہم سب کے لیے بہترین نمونہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دعوت صرف تبلیغ کا نام نہیں بلکہ دعوت غلبہ دین اور امت کی امامت کا نام ہے ، اس لیے کہ اللہ کا دین غالب ہونے کے لیے آیا ہے ۔ اسلام کی قوت کو مضبوط اور دین کو تقویت دینے کی ضرورت ہے ۔ دین ہمیں عزت اور شرف دیتا ہے ، دین ہی ہے جو ہمیں ہماری شناخت دیتا ہے ، دین کا مطلب چند رسومات نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطہ ٔ حیات ہے ۔ اسلامی حکومت کا کام عدل کا نظام نافذ کرنا اور معاشرے میں امن کا پیغام عام کرنا ہو گا ۔ قرآن کا نظام آئے گا تو سب کو تحفظ فراہم ہوگا۔ دین جز کا نہیں کُل کا نام ہے اور آخرت میں ہم سب سے پوچھا جائے گا کہ جب معاشرے میں ظلم عام تھا اور سود کی صورت میں اللہ سے جنگ تھی تو اس وقت ہم نے کیا طرز عمل اختیار کیاتھا ۔ اسلام کے نظام کے نفاذ کے لیے مشترکہ جدو جہد کی ضرورت ہے ۔ جب ہم مل کر اللہ کے نظام کی جدوجہد کریں گے تو سوچ و فکر بھی تبدیل ہو گی ۔ قرآن پاک ایک انقلابی پیغام ہے ، قرآن سے تعلق کو مضبوط کریں ، اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکامات پر خود بھی عمل کریں اور اپنے معاشرے کو اسلام کے مطابق ڈھالنے کی جدو جہد کریںا ور ایک دوسرے کے دلوں کو آپس میں جوڑیں ۔توفیق الدین نے کہا کہ تمام کارکنان کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مسلسل 5روزہ محفل فہم القرآن و سنت کے اہتمام کے لیے جدو جہد کی اور انتظامات کیے ۔ایسی محافل آئندہ بھی منعقد کی جائیں گی ۔
کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا محمد اسماعیل ، حافظ نعیم الرحمن اور توفیق الدین ضلع ائرپورٹ کے تحت محفل قرآن وسنت کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
