English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی رکن مولانا مجاہد الحسینی انتقال کر گئے

فیصل آباد ،(ساؤتھ ایشین وائر)

معروف کالم نگار، کہنہ مشق صحافی، مختلف اخبارات وجرائد کے چیف ایڈیٹر، علامہ شبیر احمد عثمانی، علامہ ظفر احمد عثمانی، مولانا اعزاز علی، مولانا خیر محمد جالندھری کے شاگرد، سید حسین احمد مدنی کے مرید، امیر شریعت سید عطا اللہ شاہ بخاری کے ساتھی اورکئی تحقیقی کتب کے مصنف، کتاب سیرت وسفارت رسول پراول صدارتی ایوارڈیافتہ ادیب وسیرت نگار،تاریخ ساز شخصیت حضرت مولانا محمد یوسف مجاہدالحسینی فاضل دارالعلوم ڈابھیل انڈیا93برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انہیں کچھ دن پہلے دل کی تکلیف ہوئی تھی وہ گزشتہ روز علی الصبح ہسپتال میں خالق حقیقی سے جاملے۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مولانا مجاہد الحسینی کی نماز جنازہ ٹیکنیکل ہائی سکول ڈی گرانڈ کی مسجد میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر سیاسی شخصیات، صحافیوں، علمائ، کاروباری شخصیات، سمیت مختلف یونیورسٹییوں اورمدارس کے اساتذہ کرام و طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نماز جنازہ مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما، امیر شریعت کے نواسے مولانا سید کفیل شاہ بخاری نے پڑھائی۔
مولانا مجاہد الحسینی نے ایک بیٹا اور بیٹیاں ہزاروں مداح بھی سوگوار چھوڑے ہیں۔ دینی و علمی حلقوں میں مولانا مجاہد الحسینی کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔وہ کئی تحقیقی کتب کے مصنف اور صحافی و کالم نگار بھی تھے۔ آپ کی ساری زندگی عقیدہ ختم نبوت کی حفاظت میں گزری۔ آپ نے 1953 اور 1974 کی تحریک ختم نبوت میں ایک مجاہد سپاہی کا کردار ادا کیا۔ عقیدہ ختم نبوت کی خاطر کئی بار جیل گئے۔ تحریک ختم نبوت میں مولانا سید عطا اللہ شاہ بخاری سمیت جیل میں موجود تمام اکابر کی امامت کی مستقل ذمہ داری آپ کی تھی۔ ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مولانا مجاہد الحسینی کے سینے میں تاریخ کے ہزاروں راز، اہم وبیش بہا معلومات، اکابر کی مجلسوں اور صحبتوں کا آنکھوں دیکھا حال، عقیدہ ختم نبوت کی خاطر اکابر اور عوام کی قربانیوں اور حکمرانوں کی کرتوتوں کے احوال محفوظ تھے۔
مولانا مجاہد الحسینی کا شمار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے بانی ارکان میں ہوتا تھا۔ مولانا مجاہد الحسینی ختم نبوت کے جانباز سپاہی تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے