
کراچی(اسٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے بعد شہر قائد کراچی میں 10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ کل سجے گا،پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ فروری2009میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا، دوسرے ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں نے تیاریوں کا آغاز کردیا اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھرپور پریکٹس کی،پاکستانی ٹیم نے فزیکل ٹریننگ اورفٹبال کھیلی پھر نیٹس پربیٹنگ اوربولنگ کی خوب مشقیں کیں،دونوں ٹیمیں آج بھی پریکٹس کریںگی،جس کے بعددونوں ٹیموں کے کپتان پری میچ پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا میچ 19تاریخ سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، منگل کونیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اورسری لنکا کی ٹیمیں سخت سیکورٹی کے حصار میں ٹریننگ کے لیے اسٹیڈیم پہنچیں، اسٹیڈیم کے اندر اور اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔پاکستانی ٹیم نے فزیکل ٹریننگ اورفٹبال کھیلی پھر نیٹس پربیٹنگ اوربولنگ کی خوب مشقیں کیں جبکہ سری لنکن کھلاڑیوں نے بھی پریکٹس میں خوب جان ماری۔ دونوں ٹیمیں آج بھی پریکٹس کریںگی،جس کے بعددونوں ٹیموں کے کپتان پری میچ پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل عمراحمد بخاری نے کراچی میں ہونے والے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا دوسرے ٹیسٹ میچ سے متعلق سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور سری لنکن کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی ۔ڈی جی رینجرزسندھ میجرجنرل عمراحمد بخاری کا کہنا تھا کہ مہمان ٹیم کے لیے سیکورٹی کیانتظامات بہترین ہیں، فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کراچی سمیت پورے ملک کے لیے خوشی کا باعث ہے۔دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آخری ٹیسٹ فروری2009میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔قومی کرکٹ ٹیم نے یہاں41میں سے 21ٹیسٹ میچوں میں کامیابی حاصل کی۔واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جو ڈرا ہوا، پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز مہمان ٹیم نے 6 وکٹوں پر 308رنز بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈیکلئر کر دی تھی جب کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 252رنز بنائے اور میچ ڈرا ہوگیا۔
