سری نگر/ وزیر تعلیم شمیمہ فردوس نے ہفتہ کے روز کہا کہ ابتدائی جماعتوں کے لیے سرمائی تعطیلات کا اعلان موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
نیشنل کانفرنس کے صدر دفتر کے دورے کے دوران نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت مسلسل موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور مناسب وقت پر سرمائی تعطیلات کے حوالے سے فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں کے اوقاتِ کار میں کی گئی تبدیلی کو کافی پذیرائی ملی ہے۔
اسکولوں کی فیس اور اضافی چارجز سے متعلق شکایات پر وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت پہلے ہی واضح ہدایات جاری کر چکی ہے کہ اسکول اضافی فیس وصول نہیں کر سکتے اور نہ ہی والدین کو اضافی کتابیں خریدنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ متفرق اخراجات، اضافی کتابوں یا دیگر سرگرمیوں کے نام پر والدین سے رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ نجی اسکول تجویز کردہ نصاب کے علاوہ اضافی تعلیمی مواد فراہم کر سکتے ہیں، تاہم طلبہ اور والدین کو اضافی کتابیں خریدنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اسکول اضافی تعلیم فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، انٹرنیٹ وسائل یا کلاس روم میں تدریسی طریقوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔
وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں |
Load/Hide Comments