اجین: شاہی مقبرے سمیت 12 سے زائد مساجد اور مزارات منہدم، عدالت جائے گی وقف کمیٹی

سنگھستھ 2028 کی تیاریوں کے تحت اجین میں ریلوے نے ہفتے کی صبح بڑی کارروائی کی۔ صبح تقریباً 5 بجے مادھو نگر ریلوے اسٹیشن کے باہر پلیٹ فارم نمبر 8 کے قریب ریلوے کی زمین پر تعمیر کی گئی مسجد قلندری، شاہی مقبرے اور ایک درجن سے زائد مزارات سمیت دیگر تعمیرات کو 6 جے سی بی مشینوں کی مدد سے منہدم کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے ذریعے ریلوے نے تقریباً 15 ہزار مربع فٹ زمینوں کو خالی کرایا ہے۔ دوسری جانب وقف کمیٹی نے اس کارروائی کو غلط قرار دیتے ہوئے عدالت میں توہین عدالت کی عرضی دائر کرنے کی وارننگ دی ہے۔

ہفتہ کی صبح شروع کی گئی کارروائی کے دوران موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اس دوران 80 سے زائد آر پی ایف جوانوں کے ساتھ جی آر پی، مختلف تھانوں کی پولیس فورس، ریلوے کے افسران اور انتظامیہ کی جانب سے ایس ڈی ایم پون باریا اور سی ایس پی دیپیکا شندے بھی موجود رہیں۔ ریلوے کے پی آر او مکیش کمار اور آر پی ایف تھانہ انچارج راجیو اپادھیائے نے بتایا کہ یہ زمین ریلوے کی ہے۔ غیر قانونی قبضے سے متعلق ہائی کورٹ کی جانب سے اسٹے خارج کیے جانے اور ریلوے کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد ہی یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

افسران کے مطابق اس سے قبل کئی بار نوٹس دیے گئے تھے، لیکن قبضہ نہ ہٹائے جانے پر معزز ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق پرامن طریقے سے کارروائی کی گئی۔ دوسری جانب وقف کمیٹی کے صدر قاضی مولانا عارف ندوی نے ریلوے کی کارروائی پر سخت اعتراض ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریلوے نے غلط طریقے سے مسجد قلندری، شاہی مقبرے، ایک درجن سے زائد مزارات اور متولی کے مکان کو منہدم کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :

مولانا عارف کا کہنا ہے کہ اس زمین سے متعلق معاملہ ابھی بھی بھوپال وقف ٹریبونل کورٹ میں زیر التوا ہے اور ایک شخص کو فرضی کرایہ دار قرار دے کر علی الصبح یہ انہدامی کارروائی کی گئی۔ وقف کمیٹی نے اب اس کارروائی کے خلاف عدالت میں توہین عدالت کی عرضی دائر کرنے کی بات کہی ہے۔ ریلوے کے پی آر او مکیش کمار کے مطابق آئندہ سنگھستھ مہاپرو 2028 کے پیش نظر اسٹیشن احاطے کی توسیع اور تعمیراتی کام کیے جا رہے ہیں، جن میں ان غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔ اب تجاوزات سے آزاد کرائی گئی اس 15 ہزار مربع فٹ زمین پر سنگھستھ کے دوران آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے ہولڈنگ اور ویٹنگ ایریا تیار کیا جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں