کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے گئے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے 263 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں 1-0 سے کامیابی حاصل کر کے نہ صرف سیریز جیت لی بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے ایک میچ میں کامیابی بھی حاصل کرلی، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پوزیشن تیسرے نمبر پر آگئی، پاکستان کے بلے باز عابد علی کو مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا، کپتان اظہر علی نے وننگ ٹرافی اٹھائی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پیر کو 11 منٹ کے کھیل میں صرف 16 گیندوںپر سری لنکا کے باقی ماندہ تینوں کھلاڑی آئوٹ ہوگئے۔ سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگ کا آغاز کیا تو پہلی ہی گیند پر ان کے کھلاڑی لاسیتھ ایمبول ڈینایا کوئی رن بنائے بغیر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ امپائر جے ایس ولسن نے لاسیتھ ایمبول ڈینایا کو ناٹ آئوٹ قرار دیا لیکن بولنگ ریویو لینے پر لاسیتھ ایمبول ڈینایا کو آئوٹ قرار دیا۔ جس کے بعد ویشوا فرنینڈو وکٹ پر کھیلنے کیلئے آئے۔ اس موقع پر نسیم شاہ ہیٹ ٹرک پر تھے تاہم وہ ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے۔ لنکن ٹیم کے اوپنر اوشادہ فرنینڈو بھی پاکستانی بولر یاسر شاہ کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور انہوں نے بھی اپنے انفرادی اسکور 102 رنز میں مزید اضافہ کئے بغیر میچ کی11ویں گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ جس کے بعد ویشوا فرنینڈو بھی کوئی رن بنائے بغیر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ویشوا فرنینڈو نے بیٹنگ ریویو لیا لیکن ٹی وی امپائر نے انہیں آئوٹ قرار دیا۔ اس طرح سری لنکن ٹیم کے باقی مانندہ تینوں کھلاڑی اپنے گذشتہ دن کے اسکور 212 رنز میں کوئی اضافہ کئے بغیر آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان کے بولر نسیم شاہ نے 12.5 اوورز میں31 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ نے 20 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نسیم شاہ 16سال 307 دن کی عمر میں ایک اننگ میں 5 وکٹیں حاصل کرکے دنیا کے دوسرے کم عمر بولر بن گئے جنہوں نے انتہائی کم عمری میں 5 وکٹ لینے کا اعزاز حاصل کیا اس سے قبل پاکستان کے نسیم الغنی نے یہ اعزاز 16سال 303 دن کی عمر میں حاصل کیا تھا۔ میچ میں پاکستان کے صف اول کے 4 کھلاڑیوں شان مسعود، عابد علی، کیپتان اظہر علی اور بابراعظم نے سنچریاں اسکورکیں جبکہ قومی ٹیم کے بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 5، 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور انہوں نے اپنی اننگ میں191 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا نے 271 رنز بناکر 80 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستان ٹیم کے ابتدائی کے چاروں بلے بازوں شان مسعود، عابد علی، کپتان اظہر علی اور بابراعظم نے دوسری اننگز میں سنچریاں اسکور کر کے قومی ٹیم کے خلاف نہ صرف 80 رنز کی برتری کو ختم کیا بلکہ 555 رنز کا بڑا اسکور کرکے لنکن ٹیم کو دوسری اننگز میں میچ جیتنے کیلئے 476 رنز کا ٹارگٹ دیا، لنکن ٹیم اس ٹارگٹ حاصل کرنے کیلئے دوسری اننگ کھیلنے کیلئے میدان میں اتری لیکن ان کے صرف2 بیٹسمین پاکستانی بولرز کا کچھ حد تک سامنا کرسکے جبکہ باقی تمام کھلاڑی وقفے وقفے سے آئوٹ ہوکر پویلین واپس جاتے رہے۔ لنکن ٹیم کے اوپنر اوشادہ فرنینڈو نے 102 رنز جبکہ وکٹ کیپر نیروشن ڈیک ویلا نے 65 رنز بنائے۔ پاکستان کے عابد علی کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر عابد علی مین آف دی میچ اور سیریز ،نسیم شاہ بہترین بولر،قومی کرکٹ ٹیم وننگ ٹرافی کے ساتھ اور فاتح قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے ٹرافی وصول کررہے ہیں
