English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ترکی میں کشتی ڈوب گئی،7 تارکین وطن جاں بحق

القمر

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی میں غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے کم از کم 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ترکی کے مشرق میں ایران کی سرحد سے متصل علاقے میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی۔ واقعے کئی افراد لاپتا بھی ہوگئے، جب کہ 64 افراد کو بچالیا گیا۔ 5 افراد کی لاشیں وان جھیل سے نکالی گئیں، جب کہ 2 کو انتہائی تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دم توڑ گئے۔ تُرک میڈیا کا کہنا ہے کہ تارکین وطن میں پاکستانی، افغان اور بنگلادیشی باشندے موجود تھے، تاہم ان کی منزل کے بارے میں ابھی حتمی طور پرکچھ نہیں کہا جاسکتا۔ مقامی گورنر نے بتایا کہ واقعہ رات گئے اس وقت پیش آیا، جب تارکین وطن کی کشتی کنارے سے ٹکرا گئی۔ علاقے میں امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ عدالتی اور انتظامی تحقیقات کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ ایران کی سرحد کے قریب واقع اس علاقے سے مہاجرین عموماً پیدل راستہ طے کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ ترکی اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہے۔ ملک بھر میں اس وقت رجسٹرڈ مہاجرین کی تعداد 40 لاکھ سے زائد ہے، جو یورپ میں موجود تارکین وطن کی مجموعی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔ ترکی میں موجود تارکین وطن کی بڑی تعداد وہ ہے جو ہمسایہ ممالک میں جنگوں کے باعث نقل مکانی کرکے یہاں آئی ہے جب کہ ہزاروں افراد ایسے بھی ہیں جو بہتر مستقبل کے لیے مغربی یورپ پہنچنا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے