پیپلز پارٹی کی حکومت ہرکام میں رکاوٹ ڈالتی ہے
کراچی سمیت صوبے بھر میں پروجیکٹ لا رہے ہیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے سینئر رہنما و پی ٹی آئی سندھ کے پارلیمانی لیڈر رحلیم عادل شیخ نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کراچی سمیت سندھ کیلئے میگا پراجیکٹ لارہی ہے‘ صوبائی حکومت18 ویں ترمیم کو بیچ میں لا کر کام میں رکاوٹ ڈالتی ہے‘ سندھ میں80 فیصد پیسہ کرپشن کی نذر ہوجاتا ہے۔ گورنر ہائوس کے سامنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کو کراچی کے دورے پر شہر کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی‘ جلد تمام ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کریں گے۔ اس وقت سندھ حکومت کے حصے کا کام بھی ہم کررہے ہیں۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول جواب دیں کہ بی بی کے ووٹرز کا اتنا برا حال کیوں ہے۔ بلاول زرداری سے پوچھتا ہوں محترمہ کے خون کے صدقے میں اقتدار ملا لیکن بی بی کے قاتلوں کیوں نہیں پکڑے گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہیں وہ کہیں بھی جاسکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ موجود نہیں اگر ہوتے تو مسائل کے حل کیلئے بات چیت ہوتی۔ ہم چاہتے ہیں کہ مل کر سندھ حکومت کے ساتھ کام کریں ہم مدد کرنا چاہتے ہیں۔
