English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

لندن میں مسجد کے باہر اسلام مخالف نعرے لکھ دیئے گئے

القمر

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مسجد اور نارتھ برکسٹن اسلامی ثقافتی مرکز کے باہر ایک عمارت پر نامعلوم افراد نے اسلام مخالف نعرے لکھ دیے، جس پر پولیس کو طلب کر لیا گیا۔ برطانوی اخبار گارجین کی رپورٹ کے مطابق مسجد اور ثقافتی مرکز کے قریب واقع عمارت کی دیوار پر اسلام مخالف وال چاکنگ کو دیکھ کر پولیس طلب کی گئی۔ میٹرو پولیٹن پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس وقت تحقیقات جاری ہے اور ہم مقامی حکام کے ساتھ مل کر ان اشتعال انگیز ریمارکس کو جلد از جلد مٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں تمام افراد کو بغیر کسی زبانی، جسمانی یا تحریری تضحیک کے اپنی زندگیاں گزارنے کا پورا حق حاصل ہے، لہٰذا ہم اس طرح کا امتیازی سلوک کبھی برداشت نہیں کریں گے اور ہم ہر ممکن حد تک اس طرح کے اشتعال انگیز واقعات کو روکنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ دوسری جانب لندن کے میئر صادق خان نے ٹوئٹر پر اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نارتھ برکسٹن اسلامک سینٹر کے قریب اسلام مخالف نعرے درج کیے جانے کے بارے میں سن کر انہیں شدید تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں واضح کردوں کہ اس طرح کے کاموں میں ملوث بزدل اور جرائم پیشہ عناصر سے پوری طاقت کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ واضح رہے کہ 2018ء میں لندن کے رہایشیوں نے شکایت کی تھی کہ انہیں مسلمان مخالف نفرت آمیز مواد پر مبنی خطوط موصول ہوئے ہیں۔ ان خطوط کا عنوان ’’مسلمانوں کو سزا دینے کا دن‘‘ تھا اور یہ مشرقی لندن میں رہنے والوں کو بھیجے گئے تھے، جس میں یہ دن 3اپریل 2018ء کو منانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ہر نفرت آمیز اقدام کا تفصیلی پوائنٹ سسٹم بنایا جائے اور اس سلسلے میں انعامات دینے کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے