اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے اپوزیشن کی ہر طرح سے تسلی ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آرمی ایکٹ میں ترمیمی بل پر پارلیمانی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر فروغ نسیم نے شرکاکو بریف کیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں فروغ نسیم نے بتایا کہ آرمی ایکٹ پر تمام سیاسی جماعتوں کوبریفنگ دی ہے، جوسوالات تھے ان کے جوابات دیئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے حساب سے اپوزیشن کی ہر طرح سے تسلی ہوئی تاہم آج صبح ساڑھے 10 بجے دوبارہ پارلیمانی کمیٹی کااجلاس ہوگا۔صحافی نے پوچھا کہ اپوزیشن نے مزید وقت کیوں مانگا؟ جس پر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ یہ بات آپ اپوزیشن سے پوچھیں۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف نے صحافیوں کو بتایا کہ چاروں سروسزچیفس سے متعلق ترمیم پیش ہوگی جب کہ حکومت مطمئن نہ کرسکی ایسی کوئی بات نہیں۔

