کراچی: بارش کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے آج کراچی میں بارش کا امکان ہے۔
مغربی بارشوں کا نیا سلسلہ اتوار کی صبح ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا جس کی وجہ سے کوئٹہ میں بارش اور برف باری ہوئی اور اس نئے مغربی سسٹم سے آج شہر قائد میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 10 جنوری کو ایک اور مغربی سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا جو بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں جب کہ کراچی میں معتدل بارش اور سرد ہواؤں کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شہر کا کم سے کم پارہ گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 ڈگری اضافے سے 14 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
ہوا میں نمی کا تناسب صبح کے وقت 95 اور شام کو 65 فیصد ریکارڈ ہوا، اتوارکو شمال مشرقی ہوائیں دن تھمی رہیں تاہم شام کے وقت بند ہوائیں چل پڑیں جس کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی۔
صبح دھند کی وجہ سے حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر صرف 500 میٹر رہ گئی تھی، کل بھی کم سے کم پارہ 12 سے 14 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔
