

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ملک اندرونی و بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے ملکی وحدت کیلیے تحریک پاکستان کے جذبے کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،حکومتی خارجہ اور داخلہ پالیسی ناکام،مسئلہ کشمیر سے مسلسل چشم پوشی لمحہ فکر ہے،مربوط کشمیر پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جس کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے، مقبوضہ کشمیر فلسطین شام ایران عراق اور افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کا خاموش تماشائی کا کردار قابل مذمت ہے معاشرے کی اصلاح کے لیے علماو مشائخ کا کردار اہم ہے،ایران اس وقت تنہا امریکا کا مقابلہ کر رہا ہے تمام امت مسلمہ کو اس کا ساتھ دینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسداللہ بھٹو اور سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے علمامشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں بین الاقوامی اور ملکی حالات،مشرق وسطی کی امریکا ایران تنازعے کے تناظرمیں بدلتی سلامتی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنے عالمی تحفظ حقوق انسانی کے دستورومنشورمیں متنازع شقوں کو ختم کرکے ازسرنومرتب کرے۔قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا،موجودہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں ملکی وحدت واستحکام مقدم اور وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،تاہم کشمیری و فلسطینی وبھارتی مسلمانوں کو مشکل حالات میں کسی طورتنہانہیں چھوڑاجاسکتا۔ اسداللہ بھٹو نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کی قیادت میں 10 رکنی وفد کا دورہ ایران پاک ایران تعلقات کی مضبوطی اور امت مسلمہ کے درمیان باہمی یکجہتی کے فروغ کا سبب بنے گاانہوں نے کہا کہ آ ئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کی بدولت عوام سے نوالہ چھینا جا رہا ہے پی ٹی آئی حکومت ناکامی سے ہمکنار، اور امن وامان و ملکی معیشت کا برا حال ہے۔لائق حکمران سیاسی انتقام میں اس حد تک جا چکے ہیں کہ ان کے غیر آئینی اور غیرجمہوری اقدامات کی بدولت جمہوریت اور ملک خطرات سے دو چارہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوریت اور اس کی بقا کے لیئے جماعت اسلامی نے ہمیشہ جدوجہد جاری رکھی ہے اور ملک پر یوٹرن مافیا کی نااہل حکومت کے باوجود جماعت اسلامی نہیں چاہتی کہ کسی اقدام سے جمہوریت ڈی ریل ہو، نالائقوں کی حکومت نے مہنگائی، بیروزگاری، اقرباپروری ، جھوٹ اور ناکام خارجہ وداخلہ پالیسیوں کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔
