English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا میں ایرانی ایجنٹوں کو جاسوسی پر سزائے قید

القمر

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں ایک عدالت نے 2 ایرانی ایجنٹوں کو جاسوسی کا جرم ثابت ہونے پر قید کی سزا سنائی ہے۔ محکمہ انصاف کے بیان کے مطابق ان میں ایک مجرم 39 سالہ احمد رضا محمدی دوست دار امریکااور ایران کی دْہری شہریت کا حامل ہے جب کہ دوسرا مجرم 60 سالہ ماجدغوربانی ایرانی شہری ہے اور وہ امریکا میں مقیم ہے۔ دونوں پر امریکا میں ایرانی نظام کے مخالف امریکی شہریوں کو ہدف بنانے کے لیے ایرانی حکومت کی معاونت کا الزام تھا۔ امریکی عدالت نے احمد رضا دوست دار کو 38 ماہ اور غوربانی کو 30 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ دوست دار نے 2019ء میں ایرانی حکومت کے ایک غیر رجسٹر ایجنٹ کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا تھا جب کہ غوربانی کو ایران کے خلاف امریکا کی پابندیوں کے قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب قراردیا گیا تھا۔ امریکا کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل برائے قومی سلامتی جان سی ڈیمرس نے کہا ہے کہ دونوں افراد امریکی شہریوں کے بارے میں ایسی معلومات اکٹھی کیا کرتے تھے جنہیں ان شہریوں یا ان کے خاندانوں کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا تھا۔ یہ کیس واضح کرتا ہے کہ ایران امریکا میں ایرانی نظام یا اس کے اہداف کے مخالف امریکیوں کو خاموش کرانے کے لیے کس طرح نشانہ بنا رہا ہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق دوست دار نے اپنے بیان حلفی میں اعتراف کیا تھا کہ اس کو امریکا میں آنے سے قبل غوربانی کے نام اور کام کی جگہ کے بارے میں بتایا گیا تھا اور ساتھ ہی ہدایات دی گئی تھیں کہ ایرانی حکومت غوربانی سے کس قسم کی سرگرمیوں کی توقع کرتی ہے۔ دوست دار نے امریکا پہنچنے کے بعد پہلی مرتبہ غوربانی سے اس کی کام کی جگہ پر ملاقات کی تھی اور اس کو بتایا تھا کہ اسے کیا کرنا ہے۔ غوربانی پھر امریکا میں ایرانی حکومت کے لیے کام کرنے پر آمادہ ہوگیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے