English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چین میں کورونا سے ہلاکتیں 56 ہوگئیں،امریکا نے شہریوں کو بلالیا،پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں،ظفر مرزا

القمر

بیجنگ/اسلام آباد/واشنگٹن/ملتان(صباح نیوز) چین میں پراسرار کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 56 ہو گئی ہے جبکہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار تک جاپہنچی ہے،ووہان شہر میں وائرس سے متاثرہ مریضوں ے علاج کے لیے نئے اسپتال کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر جاری، 3 فروری کو کھولا جائے گا۔ وائرس کے کیسز سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت 9ملکوں میں بھی رپورٹ ہو چکے ، امریکا نے چین میں مقیم اپنے شہریوں کو فوری طور پر چین چھوڑنے کی ہدایت کردی جبکہ وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ چین میں موجود تمام پاکستانی طلبہ محفوظ ہیں۔ تفصیلات کے مطابقچین میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2000سے زاید ہو گئی ہے جبکہ ہلاک افراد کی تعداد 56 ہوگئی ہے ۔وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے علیحدہ اسپتال کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے۔ چین کے شہر ووہان کے بعد شنگھائی میں بھی کورونا وائرس پھیل گیا ہے جہاں اب تک 40مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔شنگھائی میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک مریض ہلاک ہو چکا ہے۔صدر شی جن پنگ کی زیرصدارت کمیونسٹ پارٹی کے رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چینی صدر نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ووہان شہر میں علاج کی سہولیات میں اضافے کے لیے 2 نئے فیلڈ اسپتالوں کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے جس میں سے ایک کی تعمیر جاری ہے۔ شہر ووہان میں زیر تعمیر اسپتال 1000 بستروں پر مشتمل ہوگا جہاںکورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جائے گا اور اس اسپتال کو 3فروری سے کھولا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر چین کی تعریف کی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین نے کورونا وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے بہت محنت کی ہے۔کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کراچی سمیت ملک بھر کے ائر پورٹس پر وفاقی محکمہ صحت نے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ سری لنکن، تھائی ائرویز، ائر چائنا اور پی آئی اے کی مشرق بعید سے آنے والی پروازوں کے مسافروں میں کورونا وائرس کی جانچ کے لیے تھرمل اسکینر سے معائنہ کیا جائے گا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق ابھی تک کسی مسافر میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔اس وائرس کی وجہ سے ہوبئی کے 13شہروں میں آمدورفت پر پابندی عاید کر دی گئی ہے جس کے باعث تقریباً ساڑھے 5کروڑ کی آبادی محصور ہو کر رہ گئی ہے۔ چین سے پھیلتے ہوئے پراسرار کورونا وائرس کے کیسز سنگاپور، ویت نام، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا سمیت 9ملکوں میں بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ادھر لاعلاج اور جان لیوا مرض کرونا وائرس کا ملتان میں بھی خطرہ منڈلانے لگا۔ ایک ہی روز میں 2 مریضوں کے وائرس کے شبے میں نشتر اسپتال میں داخل ہونے پر محکمہ صحت نے الرٹ جاری کردیا ہے۔چینی شہری 40سالہ فینگ فین اور ملتان کا رہائشی 28 سالہ رحمت اللہ چند روز قبل چین سے ملتان پہنچے ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق مریضوں میں وائرس کی تصدیق یا تردید کے لیے مریض کے خون کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے اسلام آباد بھجوا دیے گئے ہیں۔ ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر شاہد بخاری کے مطابق دونوں مریض شدید بخار کی حالت میں نشتر اسپتال لائے گئے تھے۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیموں نے چائینز کیمپ انڈسٹریل اسٹیٹ کا دورہ کرتے ہوئے کیمپ میں رہائش پذید افراد کی اسکریننگ بھی کی۔ مزید برآں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے چین کے شہر ووہان میں مقیم 500 پاکستانی طلبا خیریت سے ہیں۔ ٹویٹر سے جاری اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک کسی پاکستانی طالب علم میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔چین میں پاکستان کے سفیر سے رابطے میں ہیں، پاکستانی سفارتخانہ طلبہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ طلبہ کو حفاظتی اقدامات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے