English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی میں مزارات پر سیکورٹی کی ناقص صورتحال عدالت برہم

واک تھرو گیٹ ناکارہ ہوچکے ہیں‘ کسی سانحہ کی صورت میں سیکورٹی بڑھادی جاتی ہے
حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر4 پولیس اہلکار اور آئی جی کے پاس کتنی پولیس کی گاڑیاں ہیں‘ جسٹس محمد علی مظہر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے مزارات میں سیکورٹی کی ناقص صورتحال اور جمع ہونیوالے چندے کی رقم استعمال نہ کرنے کیخلاف درخواست پر پولیس سے سیکورٹی پالیسی طلب کرلی‘ جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس یوسف علی سید پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو کراچی میں مزارات میں سیکورٹی کی ناقص صورتحال جمع ہونیوالی چندے کی رقم استعمال نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی‘ فوکل پرسن آئی جی سندھ پولیس پیش ہوئے۔ درخوست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ مزارات میں سیکورٹی نہیں دی جارہی‘ واک تھرو گیٹ ناکارہ ہوچکے‘ کراچی میں مختلف مزارات کی1200 دکانیں محکمہ اوقاف کے پاس ہیں۔ سیکورٹی نہ ہونے کے باعث بڑے سانحہ کا خطرہ ہے‘ فوکل پرسن آئی جی سندھ نے موقف اختیار کیا کہ مزارات میں پولیس کانسٹیبل تعینات ہوتے ہیں۔ عدالت نے آئی جی کے فوکل پرسن سے استفسار کیا پورے سندھ میں مزارات کی سیکورٹی پالیسی بتائیں؟ یہاں پر مزارات بغیر سیکورٹی کے ہیں‘ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ سیہون واقعے میں بھی سیکڑوں لوگ جاں بحق ہوگئے جب کوئی سانحہ ہوتا ہے تو سیکورٹی بڑھادیتے ہیں اور پھر کچھ دن بعد وہی صورتحال ہوجاتی ہے‘ پورے سندھ کی سیکورٹی پالیسی دی جائے بتائیں عبداللہ شاہ غازی میںکتنے پولیس اہلکار تعینات ہیں؟ فوکل پرسن نے کہا کہ4سے5 اہلکار ہوتے ہیں‘ عدالت نے ریمارکس دیئے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر4پولیس اہلکار اور آئی جی کے ساتھ کتنی پولیس گاڑیاں ہوتی ہیں ‘افسران بالا کے پاس بھی2,2 اور3,3 گاڑیاں سیکورٹی کیلئے آگے پیچھے ہوتی ہیں۔ عدالت نے14 فروری تک پولیس سے سیکورٹی پالیسی طلب کرلی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے