English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بحیرۂ روم میں ترکی کیخلاف جنگی جہاز بھیجنے کا فرانسیسی اعلان

القمر

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس نے بحیرۂ روم میں ترکی کے خلاف اپنے جنگی جہاز بھیجنے کا اعلان کیا ہے، جس پر یونانی وزیر اعظم کیریا کوس مٹسوٹکیس نے پیرس حکومت کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ ترکی کی ہمسایہ ممالک یونان اور قبرص کے ساتھ سمندر سے تیل و گیس نکالنے اور معدنیات کی تلاش کے معاملے پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ حالیہ اقدام پر یونانی وزیر اعظم نے کہا کہ فرانسیسی جہاز امن کے ضامن ہوں گے۔ واضح رہے کہ ترکی نے نومبر میں لیبیا کی حکومت سے ایک معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت بحیرۂ روم سے لیبیا کے شمال مشرقی ساحلی علاقے تک خصوصی اکنامک زون قائم کیا جائے گا، جسے یونان اور قبرص بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہیں۔ چند روز قبل فرانسیسی صدر نے ترکی کی جانب سے لیبیا کی عسکری مدد پر بھی تنقید کی تھی۔ دوسری جانب لیبیا کے دارالحکومت کے قریب ترکی کا ایک چھوٹا فوجی اڈا قائم کرنے کے لیے انقرہ اور طرابلس حکومت کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق یہ اڈا لیبیا میں عسکری کارروائیوں کا ذمے دار ہوگا اور یہاں ترکی کی اسپیشل فورسز کے علاوہ بحریہ کے دستے بھی موجود ہوں گے۔ یہاں طیاروں کے اترنے کے لیے رن وے اور لیبیا کی قومی حکومت کے ساتھ براہ راست رابطے کا آپریشن روم بھی بنایا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے