English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مریم نوازکو انسانی ہمدردی پر نواز شریف کے پاس آنے کی اجازت دی جائے، شہبازشریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے مطالبہ کیا ہے کہ مریم نوازکو انسانی ہمدردی پر نواز شریف کے پاس لندن آنے کی اجازت دی جائے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق محمد شہبازشریف نے محمد نوازشریف کی صحت سے متعلق بیان میں کہا کہ نوازشریف کی صحت بدستور تشویشناک اور غیرمستحکم ہے، ان کے علاج کے لئے ضروری عمل میں دو مرتبہ تبدیلی کرنا پڑی کیونکہ ان کی صاحبزادی مریم کو پاکستان سے آنے کی اجازت نہیں دی گئی جو ایسے وقت میں اپنے والد کے پاس ہونا چاہتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کی صورتحال نازک ہے، شریک حیات کھودینے کے شدید غم نے ان کی صحت پر انتہائی منفی اثرات مرتب کئے، اپنی زندگی کے اس مشکل ترین وقت میں مریم نواز ان کے لئے ڈھارس بنیں۔

شہبازشریف نے مزید کہا کہ انتہائی افسوسناک ہے کہ انہیں اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، مریم کے نواز شریف کے پاس نہ ہونے کی بناءپر ماہر امراض قلب کو دو بار ’کارڈیک کیتھیٹرائزیشن‘ کا طے شدہ عمل تبدیل کرنا پڑا، جتنا وقت گزررہا ہے اتنا ہی طبی عمل کے لئے گنجائش کم ہورہی ہے، میاں صاحب کی صحت کی تشویشناک حالت کے پیش نظر مریم نوازکو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنے والد کے پاس آنے کی اجازت دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے