English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بھارت کا حقیقی چہرہ ٹرمپ سے چھپانے کی تیاری

القمر

احمدآباد (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دورے کے حوالے سے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں۔ اس ضمن مودی سرکار بھارت کا حقیقی چہرہ چھپانے کے لیے دیوار تعمیر کررہی ہے، تاہم اس دیوار کی تعمیر نے ملک میں ایک تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ احمد آباد کے سرنیا واس نامی علاقے میں 7فٹ اونچی دیوار تعمیر کی جا رہی ہے، تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دورۂ بھارت کے دوران وہاں سے گزریں تو تابناک بھارت ہی حد نگاہ میں رہے اور دیوار کی دوسری طرف غربت اور گندگی ان کی توجہ حقائق کی طرف مبذول نہ کرا سکے۔ ٹرمپ بھارت کے 2 روزہ دورے پر24 فروری کو سب سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی صوبے گجرات کے شہر احمد آباد پہنچیں گے۔ وزیر اعظم مودی احمد آباد ہوائی اڈے پر امریکی صدر کا خیر مقدم کریں گے۔ صدر ٹرمپ اس کے بعد سابرمتی آشرم جائیں گے، جو بھارت کی جدوجہد آزادی کے دوران مہاتما گاندھی کی رہایش گاہ رہی ہے۔ ہوائی اڈے سے مہاتما گاندھی کے سابرمتی آشرم تک 10 کلومیٹر کے راستے کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے۔ انہی راستوںپر دونوں رہنماؤں کا روڈ شو بھی ہو گا۔ پروگرام کے مطابق سڑک کے دونوں کناروں پر لاکھوں لوگ امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم کا استقبال کرنے کے لیے کھڑے رہیں گے۔ سرنیا واس کی کچی بستی اسی راستے پر ہی واقع ہے۔ اس بستی میں تقریباً 5ہزار افراد رہتے ہیں۔ بیشتر کے مکانات کچے ہیں اور کھلی نالیوں سے پانی بہتا رہتا ہے، جس کی وجہ سے ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی ہے۔ مودی حکومت امریکی صدر کے سامنے بھارت کی روشن تصویر پیش کرنا چاہتی ہے اور اس بات کی پوری کوشش کر رہی ہے کہ بھارت کی کوئی منفی تصویر ان کے سامنے آنے نہ پائے۔ اسی مقصد کے مدنظرسرنیا واس کی پوری کچی بستی کے سامنے نصف کلو میٹر طویل اور 7فٹ اونچی دیوار تعمیر کی جا رہی ہے، تاکہ جب امریکی صدر کا قافلہ ادھر سے گزرے سے تو اس کچی بستی پر ان کی نگاہ پڑنے نہ پائے، لیکن بستی کے مکینوں کے علاوہ حقوق انسانی کے لیے سرگرم کارکنوں نے بھی حکومت کے اس اقدام کی مخالفت شروع کر دی ہے۔ احمد آباد میں مقیم صحافی رتھین داس کا کہنا ہے کہ ایسا پہلے بھی اکثر ہوتا رہا ہے، لیکن پہلے جب کبھی کوئی سربراہ مملکت یہاں آتا تھا تو کچی بستیوں کے سامنے رنگین کپڑے لگا دیے جاتے تھے۔ مودی جب گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے اور ریاست میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے وائبرینٹ گجرات کے عنوان سے نمایش کا اہتمام کرایا کرتے تھے، اس وقت بھی ان بستیوں کے سامنے پردے لگا دیے جاتے تھے۔ البتہ یہ پہلا موقع ہے جب ان کچی بستیوں کے سامنے مستقل دیوار تعمیر کی جا رہی ہے۔
احمد آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نگاہوں سے غریب بستی کو اوجھل رکھنے کے لیے 7فٹ اونچی دیوار کی تعمیر تیزی سے جاری ہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے