English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ایس ایل سے دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہونگی،جہانگیر خان

القمر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی پہلی مرتبہ پاکستان میں ہوگی۔ پاکستان اور اسکواش کی دنیا کے سب سے کامیاب کھلاڑی جہانگیر خان ایچ بی ایل پی ایس ایل کی چمچماتی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچیں گے۔ ٹرافی کی تقریب رونمائی 19 فروری بروز بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔اسکواش کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے جہانگیر خان ایونٹ کی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں داخل ہوں گے۔ وہ یہ ٹرافی دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے حوالے کریں گے۔ تقریب کے دوران سرفراز احمد ٹرافی چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے حوالے کریں گے جو تمام فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کی باقاعدہ رونمائی کریں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ٹرافی یو کے کی ایک کمپنی اوٹ وِل سلور اسمٹس نے تیار کی ہے۔ ٹرافی کے اوپر نصب ایک چاند اور سہ جہتی ستارہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ 65 سینٹی میٹر لمبی ٹرافی کا کل وزن 8 کلوگرام ہے۔ چمچماتی ٹرافی کے اردگرد مخصوص رنگ بھی نمایاں ہیں۔رواں سال متعارف کروائی جانے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹرافی اب آئندہ تمام ایونٹ کے لیے مستقل رہے گی اور آئندہ ہر سال ایونٹ جیتنے والی ٹیم کا نام اس ٹرافی پر درج کردیا جائے گا۔ٹرافی کی تقریب رونمائی 19 جنوری بروز بدھ سہ پہر ساڑھے تین بجے ہوگی۔اسکواش کی دنیا کے بے تاج بادشاہ جہانگیر خان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کرنا ایک غیر معمولی لمحہ ہوگا اور وہ اس دن کا انتظار کررہے ہیں۔ جہانگیر خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاندار انداز میں ملک میں اعلیٰ سطحی کرکٹ کی سرگرمیاں بحال کیں، ان سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے دنیا کو پیغام ملے گا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔جہانگیر خان نے کہا کہ پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد سے ملک میں دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں بھی بحال ہوں گی، انہیں امید ہے کہ پی ایس ایل فائیو، گزشتہ چند دہائیوں سے ملک میں کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔لیجنڈری کھلاڑی نے کہا کہ وہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل شائقین کرکٹ کو کھیل سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔جہانگیر خان کو اسکواش کا بے تاج بادشاہ کہا جاتا ہے۔ 17 سال کی عمر میں پہلی مرتبہ برٹش اوپن ٹائٹل جیتنے والے جہانگیر خان نے مجموعی طور پر 6 مرتبہ عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔ جہانگیر خان مسلسل 555 مقابلے جیتنے کا منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام رکھتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ جہانگیر خان جیسے نامور اسپورٹس مین کی جانب سے ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ٹرافی تھامے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں آنا اس ٹرافی کے لیے بھی اعزاز ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ تقریب کا حصہ بننے پر جہانگیر خان کے بہت مشکور ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل بالآخر واپس پاکستان آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی لیگ ہے اور جلد یہ دنیا کی سب سے بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگ بن جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے