English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان شاہینز نے ایم سی سی کو 5 وکٹوں سے ہرادیا

القمر

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان شاہینز نے ایم سی سی الیون کو ون ڈے میچ میں5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پاکستان شاہینز نے205رنز کا ہدف 45 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پرحاصل کرلیا۔ عمران رفیق نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ایم سی سی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنزبنائے، راس ویٹلے 51 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان شاہینز کے احسان عادل نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ایم سی سی کرکٹ ٹیم آج ناردرن کے خلاف ایچیسن کالج لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔تفصیلات کے مطابق اتوارکو ایک روزہ میچ پر مشتمل میچ ایچیسن کالج لاہور میں کھیلا گیا ۔ پاکستان شاہینز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو احسان عادل کی عمدہ بولنگ کی بدولت ایم سی سی کے ابتدائی 3 کھلاڑی 42 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم راس ویٹلے اور وِل روڈز نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت قائم کی۔ راس ویٹلے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 51 جبکہ وِل روڈز 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد رولوف مروو نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے رولوف مروو نے سفیان شریف کے ہمراہ ساتویں وکٹ کے لیے 63 رنز کی شراکت قائم کی۔ پاکستان شاہینز کے احسان عادل نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایم سی سی نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی آدھی ٹیم 114 رنز بناکر پویلین واپس لوٹی تو بائیں ہاتھ کے بلے باز عمران رفیق اور حسن محسن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو فتح دلادی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 91 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔ عمران رفیق 66 اور حسن محسن 49 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان شاہینز نے مطلوبہ ہدف 30 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ ایم سی سی کی جانب سے اولیور ہان نے 2 جبکہ سفیان شریف اور رولوف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ بولر احسان عادل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ایم سی سی کرکٹ ٹیم آج ناردرن کے خلاف ایچیسن کالج لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔19 فروری کو ایم سی سی اور ملتان سلطانز کے مابین ٹی ٹوئنٹی میچ ایچیسن کالج لاہور میں کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے