نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت)سندھی چینل کے ٹی این کے رپورٹر مقتول صحافی عزیز میمن کو سپرد خاک کردیا گیاان کی نماز جنازہ محراب پور کے ہائی اسکول گراؤنڈ میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ‘ ایم پی اے سید سرفراز حسین شاہ‘ سندھ جرنلسٹس کونسل کےمرکزی صدر غازی جھنڈیر‘ نائب صدر قاضی ذوالفقار،ظفر تگڑ،اختر علی چانڈیو‘جئے سندھ قومی محاذ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر نیاز کالانی‘ سندھ صحافی سنگت کے مرکزی نائب صدر بچل ہنگورو‘سمیت مختلف مکتب فکر کے افراداور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ صوبائی وزیر سعید غنی اور سابق وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے محراب پور میں عزیز میمن کے ورثا سے تعزیت کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ ایس ایس پی نوشہروفیروز ڈاکٹر محمد فاروق نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ قتل کا واقعہ ضلع نوشہروفیروز کے بجائے ضلع خیرپور میں سیٹھارجہ تھانے کی حدود میں ہوا جبکہ ملزمان نے نعش محراب پور تھانے کی حدود میں آکر نہر میں گرائی ہے، تفتیش کررہے ہیں جہاں وقوعہ ہوا مقدمہ بھی وہیں داخل کیا جائیگا ۔ اس موقع پر عزیر میمن کے بھائی حفیظ میمن اور دیگر اہلخانہ نے صوبائی وزیر سعید غنی کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے اب تک خیرپور اور محراب پور کی حدود کو لے کر تنازع ہے اور 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود اس قتل کی ایف آئی آر درج نہیں کی جاسکی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں آپ کے ساتھ ہے۔ عزیر میمن کے قاتلوں کو جلد گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
مقتول عزیز میمن سپردخاک‘ نماز جنازہ میں بڑی تعدادمیں لوگوں کی شرکت
القمر
