English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسدی فوج کا حلب کے اطراف مکمل قبضہ ،روس حمایت نہ کرے ،امریکا

القمر

دمشق ؍ واشنگٹن ؍ انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں اسدی فوج نے حلب کے مغربی علاقوں سمیت شہر کے اطراف میں تمام اہم مقامات پر 2011ء کے بعد پہلی بار قبضہ کرلیا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق بشار الاسد کی وفادار فوج نے حلب کے گرد و نواح تمام قصبوں اور دیہات پر اپنا کنٹرول دوبارہ قائم کرلیا ہے۔ اس حوالے سے شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمن نے بتایا کہ اسد رجیم کی فوج اور اس کے وفادار جنگجو حلب کے نواحی علاقوں حریتان، عندان، کفر حمرہ، جمعیہ الکھربا، جمعیہ آذار، تل النبی نعمان، جمیعہ الفنار، جمیعہ الزہرا، الیرمون، یشقاتین، بیت غازی، الہوتہ، قیلون، جمعیہ الاتحاد العربی، جمیعہ المحاربین اور دیگر علاقوں میں داخل ہو گئے، اس سے قبل مزاحمت کار وہاں سے نکل چکے تھے۔ مقامی ذرائع کے مطابق حلب شہر اور اسدی فوج کے زیر قبضہ علاقوں کے درمیان صرف چند علاقے باقی رہ گئے ہیں۔ قبل ازیں ہفتے کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے شام کے علاقے ادلب میں انقرہ کی جانب سے کی گئی کارروائیوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے روس سے شام میں بشار الاسد حکومت کی حمایت ترک کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو حکومت خطے میں قیام امن کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترک صدر سے بات چیت کے دوران صدر ٹرمپ نے شام میں کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پائیدار امن کے لیے روس کو شام میں بشار الاسد کی حمایت کو ختم کرنا ہوگا جس کی صدر اِردوان نے بھی حمایت کی۔ اُدھر شمالی شام کے قصبے تل ابیض میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں 4 شہری ہلاک ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق حکام کو دہشت گرد تنظیم وائی پی جی کے ملوث ہونے کا شبہہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے