صنعا (انٹرنیشنل ڈیسک) یمن میں سرگرمی عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملہ ناکام بنادیا۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھا کہ جمعرات کے روز سعودی فضائی دفاعی نظام نے بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کردیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ صنعا بیلسٹک میزائلوں کا اڈا بن چکا ہے۔ کرنل المالکی نے کہا کہ میزائل داغنے کا مقصد سعودی عرب کے علاقوں اور اس کے شہریوں کو نشانہ بنانا تھا،جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حوثی باغی بیلسٹک میزائلوں، ڈرون طیاروں اور دھماکا خیز مواد سے بھری ریموٹ کنٹرول کشتیوں کا استعمال بھی کرتے رہتے ہیں۔ دوسری جانب یمنی حکومت نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سمندر میں کارروائی کے دوران پکڑے گئے اسلحہ کی تحقیقاتی رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش کرے، تاکہ حوثی ملیشیا کو ایران سے اسلحہ کی فراہمی روکی جاسکے۔ قبل ازیں امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی بحریہ نے بحیرہ احمر میں ایک اسلحہ بردار جہاز کوروک کر اس میں لادے گئے ایرانی ساختہ میزائل، ڈرون طیارے اور دیگر اسلحہ قبضے میں لیاہے۔
حوثی باغیوں کا سعودی سرزمین پر بیلسٹک میزائل حملہ
القمر
