کراچی(آئی این پی)بلے باز عمر اکمل نے بکی سے ملنے کا اعتراف کر لیا،جس پر پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے بلے باز کو باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے14دن میں جواب طلب کر لیا ہے،عمر اکمل پر جرم ثابت ہونے پر ان پر 2سے 5سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق عمر اکمل کو کرکٹ سرگرمیوں سے روکنے اور معطل کرنے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔عمراکمل نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو سب کچھ بتا دیا ہے۔ عمر اکمل کو میچ فکسنگ کی پیش کش ہوئی تھی اور انھوں نے بکی سے ملاقات اور پیش کش کا اقرار کرلیا ہے۔پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس عمر اکمل سے متعلق ٹھوس شواہد تھے جس بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور انھیں معطل کیا گیا۔عمر اکمل کا کہنا تھا کہ وہ ایک محفل میں گئے تھے جہاں ان کی ملاقات ایک شخص سے ہوئی جس نے انھیں پی ایس ایل کے میچ میں فکسنگ کے لیے کروڑوں روپے کی پیش کش کی۔عمر اکمل سے جب پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے فکسنگ کی پیش کش ملنے پر متعلقہ حکام کو کیوں آگاہ نہ کرنے کا سوال کیا تو وہ اینٹی کرپشن ٹیم کو مطمئن نہ کرسکے اور جواب دیا کہ وہ پریشان ہوکر گھبرا گئے تھے۔ جمعہ کو عمر اکمل کو پی سی بی نے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔نوٹس میں لکھا گیا ہے کہ ان پر جو الزامات ہیں، اس سے متعلق وہ جواب دیں۔ عمر اکمل کی سرگرمیوں سے متعلق بھی جواب مانگا گیا ہے۔ ان کے کیس کی تحقیقات اگلے ہفتے شروع ہونے کا امکان ہے۔عمر اکمل پر جرم ثابت ہونے پر ان پر 2 سے 5 سال کی پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے مشکوک افراد کے ساتھ رابطوں کو سب سے خفیہ رکھا۔
عمراکمل کا بکی سے ملنے کا اعتراف،14روزمیں جواب طلب
القمر
