واشنگٹن/ماسکو(آن لائن) امریکی حکام نے روس پر چین سے پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے کا الزام عاید کر دیا ہے جبکہ ترجمان ماسکو حکومت کا کہنا ہے کہ امریکا نے جان بوجھ کرجھوٹی کہانی گھڑی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے کہا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مشترکہ مہم شروع کی جس کا مقصد یہ ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق دنیا میں تشویش پھیلائی جائے۔ امریکی حکام کے مطابق روسی مہم کی وجہ سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔امریکی حکام کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے تیسری ہلاکت کی تصدیق کے بعد سے ہی جھوٹی معلومات پھیلانے کی مہم کی مانیٹرنگ کا آغاز کر دیا تھا۔اس حوالے سے امریکا کے محکمہ گلوبل انگیجمنٹ کے سربراہ لی گیبریل نے کہا کہ ہم نے روس کے تمام عوامی پلیٹ فارمز سے جھوٹی معلومات کو آگے پھیلاتے ہوئے دیکھا ،جس میں اسٹیٹ ٹی وی، پروکسی ویب سائٹس اور جھوٹی معلومات پھیلانے والے ہزاروں سوشل میڈیا پرسنز شامل تھے۔ دوسری جانب روس نے وائرس سے متعلق جھوٹی معلومات پھیلانے کے امریکی الزامات کی سختی سے تردید کر دی ہے۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زکارووانے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا نے جان بوجھ کرجھوٹی کہانی گھڑی ہے۔
روس کورونا وائرس سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے ،امریکا
القمر
