English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کورونا کے باعث امریکا جنوبی کوریا جنگی مشقیں ملتوی

القمر

سیئول ؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا اور جنوبی کوریا نے کورونا وائرس کے بڑھتے واقعات کے بعد اپنی سالانہ مشترکہ جنگی مشقیں ملتوی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا اور جنوبی کوریا کے کئی فوجی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں، جنہیں اس وقت قرنطینہ میں رکھنے رکھا گیا ہے جب کہ اس دوران کئی عسکری تنصیبات بھی بند کی جا چکی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا میں 20 کوریائی اہل کاروں اور ایک امریکی فوجی میں کورونا وائرس کی موجودگی کی تشخیص ہو چکی ہے جب کہ جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے عمومی متاثرہ افراد کی تعداد 1600 ہو چکی ہے، جو چین کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ بہت ہی کم ہے، تاہم عوام کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ذمے داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے بڑی تعداد میں ماسک تیار رکھنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو تیزی سے پھیلنے والی وبا سے متعلق ہر لمحہ باخبر رکھے گی۔ ٹرمپ نے کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششوں کا کام نائب صدر مائیک پینس کے حوالے کیا ہے، جو ڈاکٹروں، سائنس دانوں کی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے۔ مائیک پینس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہم کورونا وائرس کی ویکسین جلدی تیار کر سکتے ہیں تاہم اس کے تجربات شروع ہونے میں چند ماہ اور ویکسین کی دستیابی میں ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے فنڈز میں اضافہ کرنے پر ڈیموکریٹک پارٹی کے ارکان کے ساتھ کام کرنے پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی ارب ڈالر کی رقم وائس پر قابو پانے کے لیے کافی ہوگی جب کہ ڈیموکریٹک ارکان مزید رقم مختص کرنا چاہتے ہیں اور ہم اس پر بھی تیار ہیں۔ جتنی زیادہ رقم ہوگی، ہم اتنے ہی اقدامات کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے