میرپورخاص ( نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ملک بھر سے دیانت دار قیادت کو میدان میں اتارے گی جو کہ پاکستان کے عوام کی حقیقی خدمت کے جذبے کے ساتھ پاکستان کو روشن، مستحکم شاندار مستقبل کی طرف گامزن کرے گی، دیانت دار اور نیک افراد معاشرے میں موجود ہیں جن کو ایک قوت کی صورت میں جمع کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ و امیر ضلع محمد افضال آرائیں، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سندھ مولانا عبدالقدوس احمدانی، ناظم عمومی جماعت اسلامی سندھ محمد دین منصوری، امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الٰہی مغل، قیم ضلع حافظ سلمان خالد، قیم شہر عاصم شیخ ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔اسداللہ بھٹو نے کہا کہ گزشتہ30 سال سے بلدیاتی اداروں پر مسلط سیاسی جماعتوں بالخصوص پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے عوام کو محرومیوں بدانتظامی اور لوٹ کھسوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا، میرپورخاص سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہر آج کچرے، گندگی، غلاظت اور وبائی امراض کی آماجگاہ بن چکے ہیں، عوام آج جدید ترقی یافتہ زمانے میں بھی گندا اور مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں، پورا سندھ کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، سندھ کے عوام کے مسائل اور تکلیفوں میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی دیانت دار، باصلاحیت اور کرپشن سے پاک قیادت ہی سندھ کی عوام کے مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ماضی میں اس کی شاندار مثالیں میئر کراچی عبدالستار افغانی، سٹی ناظم نعمت اللہ خان اور چیئرمین بلدیہ ٹنڈوآدم عبدالستار غوری کی صورت میں موجود ہیں۔