English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بنگلادیش کی درخواست پر کراچی میں ون ڈے میچ کا شیڈول تبدیل

القمر

کراچی(اے پی پی) بنگلا دیش کے خلاف ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلا دیش سے کراچی پہنچے گی، آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا میچ 5 تا9 اپریل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، کراچی ٹیسٹ میں کامیابی پاکستان کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچا دے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے بدھ کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان واحد ایک روزہ میچ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے۔ شیڈول میں تبدیلی کی درخواست بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے کی تھی۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ کھلاڑیوں کو کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے کراچی ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے مزیدکچھ روز کا وقت دیا جائے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا۔ نئے شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں نے 3 اپریل کو اسی مقام پر ایک روزہ میچ کھیلنا تھا۔ مہمان ٹیم اب 29 مارچ کو بنگلا دیش سے کراچی پہنچے گی۔ آئی سی سی ایک روزہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان چھٹے اور بنگلا دیش ساتویں نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 12 پوائنٹس کا فرق ہے۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مہمانوں کے ساتھ تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے لہذا پی سی بی اب زیادہ عرصے کے لیے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کی کراچی میں میزبانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کے آغاز سے قبل ہی مداحوں کا جوش و خروش دیدنی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو امید ہے کہ اس دوران شائقینِ کرکٹ کو اعلی معیار کی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے