وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہاہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے کوئی نیا ضابطہ اخلاق جاری نہیں کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں بریکیڈیئر (ر)اعجاز شاہ نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل درآمد کریں اور ایک مسجد میں کم سے کم لوگ اعتکاف کریں۔
نماز عید کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پر علما متفق ہیں کہ عید کی نماز مساجد کے بجائے کھلی جگہ پر ادا کی جانی چاہیے، نماز عید کے لیے کسی محلے سے کوئی ایک بندہ بھی چلا جائے تو سب کی نماز ہو جائے گی۔
وزیر داخلہ نےکہاکہ کل (جمعرات) کو لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا جا سکتا ہے، امیر لوگ چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے جب کہ بھوک اور ضرورت کا ستایا لاک ڈاؤن میں نرمی چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حفاظتی اقدامات پر عمل کیا جائے تو زندگی کا پہیہ مناسب انداز میں چل سکتا ہے۔
