English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل میں تعینات چینی سفیر گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے

القمر

مقبوضہ بیت المقدس (صباح نیوز)اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے لیے چینی سفیر ڈو وی تل ابیب میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں ۔ اسرائیل میڈیا کے مطابق 58سالہ ڈو وی اپنے بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے تاہم ان کی موت کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ڈو وی کو فروری میں اسرائیل میں بطور سفیر تعینات کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ یوکرین میں چین کے سفارت کار کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔چینی سفیر شادی شدہ تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی تھا تاہم یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی فیملی ان کے ساتھ اسرائیل میں مقیم نہیں تھی۔ وہ تل ابیب کے مضافاتی علاقے ہرزلیا میں مقیم تھے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس کے معمول کے طریقہ کار کے مطابق پولیس یونٹس موقع پر موجود ہیں۔اسرائیل کے چینل 12ٹی وی نے طبی ذرائع کا نام نہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اشارے یہی بتاتے ہیں کہ ڈو وی کی نیند کی حالت میں طبی موت ہوئی۔اسرائیل میں چینی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر ان کا ایک بیان درج ہے جس میں انہوں نے بطور سفیر اپنی تعیناتی کے بعد دنیا کی دوسری بڑی معیشت چین اور اسرائیل کے تعلقات کی تعریف کی تھی۔جمعہ کے روز ان کے سفارت خانے کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پر کڑی تنقید کی گئی تھی کیونکہ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ اسرائیل کے دوران چین کے کورونا وائرس کی عالمی وبا سے نمٹنے کے رد عمل پر تنقید کی تھی۔یروشلم پوسٹ میں شائع ہونے والے رد عمل میں سفارت خانے نے پومپیو کے مضحکہ خیز بیان کی مذمت کی اور اس بات کی تردید کی کے چین نے کورونا وائرس کے بحران کو ابتدا میں چھپانے کی کوشش کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے