دوحہ (انٹرنیشنل ڈیسک) قطر ائرویز نے 4 ہمسایہ عرب ممالک پر 5 ارب ڈالر زرِ تلافی کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ عرب انویسٹمنٹ معاہدے سمیت 3 دیگر سمجھوتوں کی مبینہ خلاف ورزی پر 4 سرمایہ کار ثالثوں کے ذریعے متعلقہ ممالک سے ہرجانہ وصول کرے گی۔ واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے اپنی فضائی حدود کو 3 سال سے قطر ائرویز کی پروازوں لیے بند کر رکھا ہے۔ قطرائرویز کے حالیہ فیصلے پر کسی عرب ملک کی جانب سے فوری ردِ عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اکبر البکر کا کہنا ہے کہ اس بحران کو حل کرنے کے لیے 3 سال سے مصالحانہ کوششیں کی جا رہی تھیں، تاہم تاحال ان کا کوئی خاطر خواہ نتیجہ نہیں نکل سکا۔ اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ثالثی کے نوٹس جاری کیے جائیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی راستے اختیار کیے جائیں اور ان معاہدوں کی خلاف ورزی کے پیش نظر نقصان کا معاوضہ طلب کیا جائے۔ پڑوسی ممالک کے مقاطعے کے بعد قطر ائرویز کی پروازیں ایران کی فضائی حدود سے گزر کر جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں ائرلائن کے ایندھن کے خرچ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ قطر ائرویز کا کہنا ہے کہ اسے قطر مخالف اقدامات کا نشانہ بنایا گیا اور ائرلائن کا داخلہ ان چاروں ممالک میں بند ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری کی قدر کو نقصان پہنچا ہے۔
قطر ائرویز نے 4ہمسایہ ممالک سے 5 ارب ڈالر ہرجانہ مانگ لیا
القمر
