نئی دہلی (صباح نیوز) چین سے حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت کا جنگی جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے اور بھارتی حکومت نے فرانس سے رافیل طیاروں کے بعد ہیمر میزائل خریدنے کا بھی معاہدہ کیا ہے۔بھارت اور فرانس کے درمیان کیے جانے والے معاہدے کے تحت رافیل کے 5 جنگجو طیاروں کی پہلی کھیپ 29جولائی کو بھارتی ریاست ہریانہ میں فضائی اڈے پر اترے گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق
بھارتی فوج60 سے70 کلو میٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے ہیمر میزائلوں کا معاہدہ بھارتی وزیراعظم مودی کی حال ہی میں فوج کی دیے جانے والی ایمرجنسی پاور کے استعمال کے تحت کررہی ہے۔بھارتی حکام نے دعوی کیا کہ فرانس نے یقین دلایا ہے کہ یہ میزائل جلد بھارت کے حوالے کردیے جائیں گے اور کسی دوسرے ملک کے لیے تیار کردہ میزائل ہنگامی بنیاد پر بھارت کو دیے جائیں گے۔ ہیمر میزائل تیار کرنے والی کمپنی سافران الیکٹرونک اینڈ ڈیفنس کے مطابق ہیمر میزائل دور سے ہی آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے جبکہ میزائل کے آگے لگی گائڈنس کٹ میں جی پی ایس، انفراریڈ اور لیزر جیسی ٹیکنالوجی فٹ ہوتی ہے جو پہاڑی علاقوں میں دشوار گزار راستوں میں قائم بنکرز اور دیگر تنصیبات کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
