کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈسابق کھلاڑیوں کوایک مرتبہ پھر میدان میں آنے کی دعوت دے رہا ہے۔اس سلسلے میں سابق کھلاڑیوں کی میچ آفیشلز سمیت ڈومیسٹک سیزن21-2020 میں شمولیت پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ سابق کھلاڑیوں کے لیے امپائرز اور میچ ریفریز کے کردار میں روزگار کا یہ موقع ان کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں میچ آفیشلز کی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی مہارت دکھانے کا ایک واضح راستہ بھی فراہم کررہا ہے۔فی الحال آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ آفیشلزمیں علیم ڈار ہی واحد پاکستانی ہیں۔بین الاقوامی سطح پر وہ بہت قابل احترام اور معتبر امپائر سمجھے جاتے ہیں۔احسن رضا، شوذب رضا، محمد آصف یعقوب اور راشد ریاض وقار بھی آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل میں شامل ہیں۔آئی سی سی کے ایلیٹ پینل برائے میچ ریفریز میں تو کوئی پاکستانی شامل نہیں تاہم 2 پاکستانی محمد انیس اور محمد جاوید ملک انٹرنیشنل پینل برائے میچ ریفریز میں شامل ہیں۔روزگارکا یہ موقع پی سی بی کی اس پالیسی کے عین مطابق ہے جس کے تحت ڈومیسٹک نظام میں سابق کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کے ساتھ ساتھ اپنے مقامی ٹیلنٹ کی تیاری ہے۔مقررہ اہلیت پر پورا اترنے والے خواہشمند امیدوار10 اگست تک اپنے کوائف جمع کرادیں۔ بورڈ نے اہلیت کا معیارکم از کم 50 فرسٹ کلاس میچز، 40سال سے کم عمر،حال ہی میں ہائی پرفارمنس پروگرام میں پی سی بی نے سابق کھلاڑیوں کو مختلف کوچنگ رولز سنبھالنے کی ترغیب دی ہے، اس حوالے سے پی سی بی کوایسے سابق انٹرنیشنل اورفرسٹ کلاس کرکٹرز کی تلاش ہے جن کے پاس کم از کم75 فرسٹ کلاس میچوں کا تجربہ ہونے کے ساتھ ساتھ پی سی بی لیول2 یا اس کے برابر ایکریڈیشن ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ پی سی بی آئندہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے سابق کھلاڑیوں کو مختلف میڈیا رولز میں بھی دیکھنے کا خواہشمند ہے۔اس میں کمنٹری اور اسٹوڈیو شوز کے مختلف کردار شامل ہیں، جس کی تفصیلات مقررہ وقت پر جاری کردی جائیں گی۔
