English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

القمر

سائوتمپٹن (جسارت نیوز) انگلینڈ اور آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج روز بائول، سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کو 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، میزبان ٹیم نے سیریز کے ابتدائی میچ میں آئرلینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ انگلینڈ ٹیم کی قیادت مڈل سیکس کے آئن مورگن کرینگے جبکہ آئرش ٹیم اینڈریو بلبیرنی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ انگلینڈ ٹیم کو مایہ ناز آل رائونڈر بین ا سٹوکس، جو روٹ، جوز بٹلر، کرس ووکس اور جوفرا آرچر کی خدمات حاصل نہیں ہیں۔ انگلینڈ ٹیم کے کپتان آئن مورگن نے کہا ہے کہ آئرش ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دیکر 3 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور فارم میں ہے اور مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ آئرلینڈ ٹیم کے قائد اینڈیو بلبیرنی نے کہا ہے کہ شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے، انہوں نے کہا انکی ٹیم میزبان ٹیم کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کرنے کے لئے پرعزم ہے، اور توقع کی جارہی ہے کہ3 میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کانٹے دار ہوگا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جائیگا جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 4 اگست کو کھیلا جائے گا۔ تینوں ون ڈے میچ روز بائول، سائوتھمپٹن میں کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچوں کی سیریز آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے