نیو یارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کی ایک خفیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا تیزی کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی جانب بڑھ رہا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق منگل کے روز سامنے آنے والی رپورٹ میں سفارتی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ پیانگ یانگ نے چھوٹی جوہری ڈیوائسیں تیار کر لی ہیں، جنہیں بیلسٹک میزالوں پر نصب کیا جا سکتا ہے۔ رپورٹ میں تمام تر خفیہ معلومات کا ذریعہ شمالی کوریا کا ایک پڑوسی ملک بتایا گیا ہے۔ ساتھ ہی دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیانگ یانگ کا جوہری پروگرام اور یورینیم کی افزودگی کا عمل بھی جاری ہے ۔ واضح رہے کہ عالمی ماہرین کے ایک پینل نے 6 ماہ کے جائزوں پر مشتمل ایک عبوری رپورٹ سلامتی کونسل کی شمالی کوریا پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی کو پیش کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ انتہائی افزودہ یورینیم کی پیداوار اور ہلکے پانی کے ایک تجرباتی ری ایکٹر کی تعمیر جاری رکھی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے لیے جوہری ہتھیار تیار کرلیے ہیں یا نہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا مقصد شمالی کوریا کے جوہری منصوبے کے حوالے سے عمومی طور پر خبردار کرنا اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دینا ہے کہ وہ پیانگ یانگ کے خلاف پابندیوں پر مکمل عمل کریں۔ گزشتہ برس جاپان نے بھی عندیہ دیا تھا کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں کو پہلے ہی چھوٹا کر چکا ہے۔
شمالی کوریا جوہری ہتھیار حاصل کرنے کے قریب ہے،اقوام متحدہ
القمر
