کراچی: لبنان کے دارالحکومت بیروت میں گزشتہ روز ہونے والے ہولناک دھماکے پر جہاں پوری دنیا افسوس کا اظہار کررہی ہے وہیں پاکستانی اور ترک اداکاروں نے بھی اس واقعے پر نہایت غم کا اظہار کیا ہے۔
اداکار ہمایوں سعید نے دھماکے کے بعد بیروت کی تباہی کے مناظر کی دلخراش تصویر شیئر کرتے ہوئے بیروت اور وہاں کے لوگوں کے لیے دعا کی اور خدا سے سب کو حفظ و امان میں رکھنے کی بھی دعا کی۔
اداکارہ مہوش حیات نے بھی بیروت واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بیروت سے آنے والی تصاویر بہت ہی تباہ کن ہیں۔ میرا دل اور دعائیں حادثے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔
ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی اداکار اینگن التان دزیاتن نے بھی بیروت واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کے لیے دعا کی۔
Pray for Beirut…🙏
— Engin Altan Düzyatan (@eadksk) August 4, 2020
حلیمہ سلطان کے کردار سے مشہور ہونے والی ترک اداکارہ اسرا بلجک نےبیروت واقعے پر کہا کہ وہ صدمے میں ہیں ان کے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں اسرا بلجک نے بیروت دھماکے کے متاثرین سے اظہارتعزیت بھی کیا۔
Shocking. Terrifying. I’m speechless. Deepest condolences to everyone caught up with this unfurling disaster in Lebanon. 🇱🇧
— Esra Bilgiç (@esbilgic) August 4, 2020
اداکار فیصل قریشی نے بیروت میں ہونے والے خوفناک حادثے پر اظہار افسوس کیا اور متاثرین کے لیے دعا کی۔
Beirut! Frightening explosion!
Prayers!— Faysal Quraishi (@faysalquraishi) August 4, 2020
واضح رہے کہ گزشتہ روز بیروت کی بندرگاہ کے علاقے میں ہولناک دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں گردو نواح کے علاقے لرز اٹھے تھے اور شہر کے مختلف علاقوں کی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئی تھیں۔ دھماکے میں اب تک 78 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

