اسلام آباد (جسارت نیوز) حکومت پاکستان نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کے لیے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا ہے- 63 سالہ عبدالقادر کا شمار پاکستان ہی نہیں دنیا کے چند بہترین لیگ اسپنرز میں ہوتا تھا۔ آسٹریلوی شہرہ آفاق لیگ اسپنر شین وارن بھی عبدالقادر کے زبردست مداح تھے اور 1994ء میں پاکستان کے دورے میں انھوں نے عبدالقادر کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی تھی اور ان سے لیگ ا سپن کے گْر سیکھے تھے۔عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 236 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان عمران خان کو عبدالقادر پر ہمیشہ اعتماد رہا اور یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ انھوں نے انھیں ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی موقع دیا۔ عبدالقادر نے بھی انھیں مایوس نہیں کیا اور 104 ون ڈے میچوں میں 132 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔انھوں نے 1983ء اور1987ء کے عالمی کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔عبدالقادر کے 2 بیٹے سلمان قادر اور عثمان قادر فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلے ہیں۔عبدالقادر کو اپنی لیگ ا سپن پر بہت فخر تھا اور وہ بہت جوشیلے انداز میں سب کو یہ بتایا کرتے تھے کہ وہ کیسے اپنے ایک ہی اوور میں 6مختلف انداز کی گیندیں کراتے تھے، مطلب ان کی بولنگ میں کتنی ورائٹی تھی۔ عبدالقادر نے رائٹ آرم لیگ ا سپن کو ایک فن کا درجہ دے دیا تھا جو 70 ء کے عشرے میں معدوم ہوچکی تھی۔وہ لیگ اسپن میں ایک ایسی جارحیت لے آئے تھے جو بیٹسمینوں کو حواس باختگی پر مجبور کردیتی تھی۔ ان سے قبل کبھی یہ دیکھنے میں نہیں آیا تھا کہ کسی ا سپنر نے بیٹسمین کے قریب فیلڈرز کا جال بچھا کر اسے آؤٹ کیا ہو لیکن عبدالقادر اپنے کپتان سے کہہ کر اٹیکنگ فیلڈ سیٹ کیا کرتے تھے اور اسی دباؤ اور اپنی بولنگ کے جادو سے بیٹسمینوں کو آؤٹ کرتے تھے۔عبدالقادر کا بولنگ ایکشن بھی دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیتا تھا۔ ان کی بولنگ پر دنیا کے تمام ہی بڑے تجزیہ کاروں اور بڑے بڑے کرکٹرز نے تجزیے اور تبصرے کیے اور انھیں جدید کرکٹ کا بہترین لیگ اسپنر قرار دیا۔ انگلینڈ کے سابق اوپنر گراہم گوچ کے خیال میں عبدالقادر آسٹریلیا کے شین وارن سے زیادہ خطرناک بولر تھے۔ عبدالقادر کو انگلینڈ کی متعدد کاؤنٹی ٹیموں نے کھیلنے کی پیشکش کی لیکن انھوں نے یہ کہہ کر کوئی بھی پیشکش قبول نہیں کیا کہ وہ اپنا فن فروخت کرنا نہیں چاہتے۔عبدالقادر کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بہترین انفرادی بولنگ کے ریکارڈ کے مالک ہیں۔
حکومت کا عبدالقادر خان کے لئے نشان امتیاز کا اعلان
القمر
