کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے پاکستانی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میں جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے سیریز برابر کرنے کا ہدف بنائیں، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری ٹیسٹ آج جمعہ کو سائوتھمپٹن میں شروع ہورہا ہے، انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ جیتا جبکہ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ ڈرا ہوا کیونکہ دوسرے ٹیسٹ کا زیادہ وقت بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا تھا،انہوں نے کہا کہ آپ سیریز جیت نہیں سکتے لیکن تیسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرسکتے ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو مشورہ دیا کہ پاکستان کو پیچھے کی طرف دیکھے بغیر آگے بڑھنا چاہیے۔جب آپ جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ کھیلتے ہیں تب آپ کی ہر چیز اور صلاحیت کا مثبت استعمال ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو میچ میں تیزی پیدا کرنا ہوگی اور ایسے کھیلنا ہوگا جیسے میچ چار دن میں ختم ہوجائے گا، اظہر علی کو بہتر کپتانی کرنی ہوگی، میں چاہوں گا کہ وہ ون ڈاون پوزیشن سے خود کو ہٹا دیں اور ڈاون آرڈر پر بیٹنگ کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایک بڑے اسکور کو بنانے کی کوشش کرے اور اس سے قبل انگلینڈ کو آؤٹ کر دے۔ اگرچہ بیٹنگ کے لئے یہ کسی حد تک مشکل وکٹ ہے ، لیکن انگلینڈ کو دباؤ میں رکھنے کے لئے پاکستان کو 300 سے 325 رنز تک اسکور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
قومی ٹیم ٹیسٹ سیریز برابر کرنے ہدف بنائے،رمیز راجا
القمر
