کوئٹہ (نمائندہ جسارت)کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میںطوفانی بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی‘ مختلف اضلاع کے دیہات کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا‘ صوبے کے9 اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا ہے کہ متاثرہ اضلاع میں حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہےں۔ تفصیلات کے مطابق ہرنائی میں شدید بارش اور سیلابی ریلا آنے کے باعث ہرنائی کوئٹہ شارع کھوسٹ کے مقام زیارت کچ کے قریب بند ہوگئی جس کے باعث سیکڑوںگاڑیاں پھنس گئیں۔ مچھ ندی نالوں میں طغیانی کے
باعث مچھ کاکوئٹہ اور دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ مکمل منقطع ہو گیا جبکہ بی بی نانی پل ایک مرتبہ پھر ٹوٹنے اور گیس پائپ لائن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ واشک، بسیمہ ناگ میں متعدد کچے مکانات منہدم ہوگئے‘ خضدار میںایم 8 قومی شارع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔سبی میں دریائے ناڑی اور تلی ندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا ہے کہ حکومتی مشینری متاثرہ اضلاع میں کام کر رہی ہے‘ محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو بلاضرورت سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
بلوچستان میں بھی طوفانی بارش،دیہات کا شہروں سے رابطہ منقطع ،9 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ
القمر
