بیجنگ/ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے اپنی فوج کے لیے مخصوص نوفلائی زون میں امریکی جاسوسی طیارے کی پرواز پر احتجاج کیا ہے، جب کہ امریکا کا کہنا ہے کہ اس نے غلط نہیں کیا اور اس کی پرواز بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں ہے۔ چین کی سرکای نیوز ایجنسی ژنہوا نے وزارت دفاع کے ترجمان وؤ قیان کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکی جاسوسی طیارے یو 2 نے چین کے شمالی علاقے میں پرواز کی، جو امریکا اور چین کے درمیان تحفظ سے متعلق اصول و ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔ وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی کارروائی غلط فہمی کی بھی شکار ہوسکتی تھی، جس سے حادثہ بھی ہوسکتا تھا۔ چین اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا سخت مخالف ہے اور اس سلسلے میں امریکا سے سخت احتجاج کیا گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کو اس طرح کی اشتعال انگیز کارروائیوں سے باز رہنے کو بھی کہا ہے۔ دوسری جانب امریکی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ یو 2 کی پروازہند بحرالکاہل کے علاقے میں تھی، اور طیاروں کی پرواز سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور اصول ضوابط کے مطابق تھی۔
امریکی جاسوس طیاروں کی پرواز پر چین برہم
القمر
