English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ترکی نے یونانی جنگی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا

القمر

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی نے بحیرۂ روم میں اپنے جہازوں کے قریب آنے والے یونانی ایف 16 طیاروں کو واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ تُرک وزارتِ دفاع کے مطابق ہمارے علاقے کے قریب آنے والے 6 یونانی ایف 16 لڑاکا طیاروں کو واپس لوٹنے پر مجبور کر دیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ کریٹ سے پرواز کرتے ہوئے ناؤٹیکس علاقے کے قریب آنے والے 6 یونانی ایف 16 طیاروں نے ترک جہازوں کو دھمکانے کی کوشش کی، جس پر ترکی نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں اپنے اڈوں کو واپس جانے پر مجبور کر دیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تُرک فضائیہ اور بحریہ مشرقی بحیرہ روم میں اپنے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے معاملے میں کارروائیاں جاری رکھے گی۔ دوسری جانب مشرقی بحیرہ روم میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں ہفتے کے روز سے ترکی نے جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ یونان کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں یہ مشقیں 2 ہفتوں تک جاری رہیں گی۔ دونوں علاقائی ممالک میں سرحد اور دیگر کئی امور پر اختلافات پائے جاتے ہیں، جو ترکی کی جانب سے زیر سمندر گیس کی تلاش سے متعلق حالیہ سرگرمیوں کے نتیجے میں مزید بگڑ چکے ہیں۔ ادھر تُرک صدر رجب طیب اردوان نے نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ تُرک محکمہ اطلاعات کے مطابق صدر اردوان نے مشرقی بحیرہ روم کی حالیہ صورت حال پر گفتگو میں اسٹولٹن برگ کو بتایا کہ ترکی اپنے حقوق اور مفادات کا ہرمقام پر ہمیشہ تحفظ کرتا رہے گا۔ اردوان نے مشرقی بحیرہ روم میں تمام ممالک کے فائدے میں منصفانہ اور مثبت مذاکرات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی قوانین کو نظر انداز کرنے والے اور علاقائی امن کو نقصان پہنچانے والے یکطرفہ اقدام کے خلاف نیٹو کو اپنی ذمے داریاں پوری کرنی چاہییں۔ ایک اور پیش رفت میں یونانی پارلیمان نے مصر کے ساتھ مشرقی بحیرہ روم میں خصوصی اقتصادی علاقے کے مشترکہ قیام پر مبنی معاہدے کی توثیق کردی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے