کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک سیزن 2020-21ء کے لئے 6 ایسوسی ایشنز کی کرکٹ ٹیموں کا اعلان کردیا۔ سیزن کا آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہوگا۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا مرحلہ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ سیزن کے مکمل شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کر دیا جائے گا۔ تمام کھلاڑیوں کے ایک سال پر مشتمل کنٹریکٹ یکم اگست 2020 سے 31 جولائی 2021 تک نافذالعمل ہوں گے۔ ٹیموں کا انتخاب تمام ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز، جوکہ قومی سلیکٹرز بھی ہیں، نے کیا ۔ اس عمل کے دوران تمام کوچز نے مقامی کھلاڑیوں کے انتخاب کو ترجیح دی۔ تمام کوچز نے ا سکواڈز کا انتخاب، تمام کھلاڑیوں کی گذشتہ 2 سالہ کارکردگی خصوصا ً ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا ۔ ابتدائی طور پر ہر کوچ نے اپنی ایسوسی ایشن کے گذشتہ ا سکواڈ میں شامل زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا، بعدازاں تمام سلیکٹرز (ہیڈ کوچز)نے ایونٹ میں مقابلے کی فضا کو بڑھانے کے لئے باہمی مشاورت سے بقیہ کھلاڑیوں کو ایک ایسوسی ایشن سے دوسری میں منتقل کردیا۔ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کرکٹرز سمیت 34 نئے کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ پیش کئے جارہے ہیں۔ گذشتہ سیزن میں شریک 192 کھلاڑیوں میں سے 158 کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ کی فہرست میں برقرا ر رکھا گیا ہے۔ ہر ایسوسی ایشن کے اسکواڈ میں 45 ڈومیسٹک کرکٹرز کے علاوہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ مقامی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ گذشتہ سال کی طرح اعلان کردہ 45 رکنی اسکواڈ میں 32 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ پیش کیا جائے گاجبکہ بقیہ 13 کرکٹرزسیزنل کنٹریکٹس کے تحت ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے دوران مختلف طرز کی کرکٹ کے لئے اپنی متعلقہ ایسوسی ایشن کو دستیاب ہوں گے۔ دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزکی اکثریت اپنی آبائی ٹیموں کی نمائندگی کرے گی۔ ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شامل مختلف ٹورنامنٹس کے لئے ایسوسی ایشنز کے کپتانوں اور نائب کپتانوں سمیت حتمی اسکواڈز کا اعلان اس ایونٹ سے قبل کردیا جائے گا۔ اس تناسب سے مجموعی طور پر 192 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ پیش کیا جائے گا جبکہ 78 اضافی کھلاڑی بھی مختلف ایونٹس میں اپنی ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کریں گے۔ ان 78 کھلاڑیوں کو سیزنل کنٹریکٹ پیش کیا جائے گا۔
ڈومیسٹک سیزن کیلئے 6 ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کا اعلان کردیا گیا
القمر
