


ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت اور چین کے وزرائے دفاع نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں ملاقات کی ہے، جس میں مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر جاری کشیدگی اورتعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ راج ناتھ سنگھ اور وی ئی فینگ ہی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کے لیے ماسکو میں موجود ہیں۔ چینی وزیر دفاع نے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔ دونوں وزرا کے درمیان 2 گھنٹے سے زائد کی ملاقات کے بعد ہفتے کے روز بھارتی وزراتِ دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ راج ناتھ سنگھ نے اس ملاقات میں کہا کہ ایل اے سی پر جلد از جلد امن قائماور کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی و فوجی سطح پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ وزراتِ دفاع کے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کو ذمے دارانہ انداز میں حل کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب چین نے بھارتی وفد سے ملاقات سے کے بعدسخت بیان جاری کیا، جس میں کہا کہ لداخ میں کشیدگی کے لیے پوری طرح سے بھارت ذمے دار ہے اور چین اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑے گا۔ بیجنگ کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس کی مسلح افواج قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پوری طرح پُرعزم، بااعتماد اور قابل ہیں۔
