مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے مزید 5 ہزار مکانات کی تعمیر کی منظوری کے لیے سرگرم ہوگئے ہیں۔ عبرانی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق نئے گھروںکی تعمیر یہودی کالونیوں سے الگ غرب اردن کے اندر تعمیر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع بینی گینٹس نے بڑی یہودی کالونیوں بیت ایل، شیلو، نیکودیم، ہار براکھا اور الخلیل سے باہر یہودی آباد کاروں کے لیے مکانات کی تعمیر کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ٹی وی چینل کے مطابق وزیر دفاع نے غرب اردن میں یہودی آباد کاری کا نیا پروگرام پیش کرکے وزیراعظم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو اس وقت مشکل میں ہیں، کیوں کہ انہوںنے عارضی طور پر غرب اردن میں یہودی آباد کاری روک رکھی ہے۔ اگر وہ وزیر دفاع کے منصوبے کی منظوری دینے سے انکار کرتے ہیں تو ان پر غرب اردن میں یہ آباد کاری روکنے کا الزام لگ سکتا ہے۔ دوسری جانب قابض صہیونی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں یہودی شرپسندوں کی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کے روز 80 یہودی آبادکار قبلہ اول میں داخل ہوئے، جب کہ اس سے قبل پیر کے روز اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکورٹی میں درجنوں یہودی انتہا پسندوں نے مسجد اقصیٰ میں داخل کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی تھی۔ اس موقع پر یہودی آباد کاروں کی قیادت انتہا پسند اسرائیلی رہنما یہودا گلیک نے کی۔ یہودی آباد کاروں کے ساتھ مذہبی طلبہ اور صہیونی انٹیلی جنس حکام بھی قبلہ اول میں داخل ہوئے۔ یہ لوگ 1967ء سے زیرقبضہ مراکشی دروازے کے راستے مسجد اقصیٰ میں داخل ہوتے اور مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے رہے۔ خیال رہے کہ مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے منظم دھاووں کا سلسلہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ یہودی انتہا پسند گروپ ہیکل سلیمانی کے مزعومہ دعوے کی آڑ میں مراکشی دوازے سے مسجد اقصیٰ میں جاتے اور باب السلسلہ سے واپس نکلتے ہیں۔ فلسطینیوں کا ماننا ہے کہ آبادکاروں کے یہ حملے ہیکل کی تعمیر کے لیے راہ ہموار کرنے کا تسلسل ہیں۔ ادھر ایک دوسری پیش رفت میں اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کے ایک دیرینہ محافظ فادی علیان کو حراست میں لے کرمشرقی بیت المقدس میں قائم القشلہ حراستی مرکز منتقل کردیا۔
فلسطین میں یہودی آبادکاری کا بڑا منصوبہ تیار
القمر
